وزیر اطلاعات آزاد کشمیر کی مقبوضہ کشمیر کے صحافی آصف سلطان کی بھارتی فوج کے ہاتھوں اغواء کی شدید مذمت

بدھ 14 نومبر 2018 15:57

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2018ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات و سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس نے مقبوضہ کشمیر کے صحافی آصف سلطان کی بھارتی فوج کے ہاتھوں اغواء کی شدید مذمت کی ہے۔وزیر اطلاعات نے اپنے بیان میں کہا کہ تین ماہ ہونے کو ہیں بھارتی فوج ابھی تک مغوی صحافی کے بارے میں معلومات فراہم نہیں کر رہی۔

انہوں نے کہا آصف سلطان کو 27 اگست 2018 کو ان کے گھر سے اغواء کیا گیا اور ابھی تک بھارتی فوج نے انہیں غیر قانونی حراست میں رکھا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراطلاعات نے کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس کی جانب سے آصف سلطان کی مسلسل حراست کا نوٹس لینے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ بھارت کو اظہار رائے کی آزادی صلب کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوج نے صحافیوں کا جینا دوبھر کر رکھا ہے،اخبارات کو کئی مسائل کا سامنا ہے جبکہ پریس کی آزادی کو بھی صلب کر لیا گیا ہے۔

وزیر اطلاعات نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت پر دباو ڈالے کہ وہ دباو اور تشدد سے باز رہے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ مغوی صحافی کو جو بھارتی فوج کی حراست میں ہے فوری رہا کیا جائے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں