وزیر اطلاعات آزادکشمیر نے یورپین پارلیمینٹ میں کشمیر پر بحث کو پاکستان اور کشمیری عوام کی بڑی سفارتی کامیابی قرار دیدیا

دنیا اب کشمیر پر پاکستان اور آزادحکومت کے موقف کو سننے سمجھنے اور پذیرائی دینے لگی ہے جو تحریک آزادی کشمیر کی بڑی کامیابی ہے،راجہ مشتاق منہاس

جمعرات 21 فروری 2019 17:02

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2019ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات و سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس نے یورپین پارلیمینٹ میں کشمیر پر بحث کو پاکستان اور کشمیری عوام کی بڑی سفارتی کامیابی قرار دیا ہے۔وزیر اطلاعات نے نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوے کہا کہ دنیا اب کشمیر پر پاکستان اور آزادحکومت کے موقف کو سننے سمجھنے اور پذیرائی دینے لگی ہے جو تحریک آزادی کشمیر کی بڑی کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا مسلم لیگ ن کی حکومت نے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کی قیادت میں مسئلہ کشمیر کو اپنی ترجیح اول قرار دیا اور ہم اس سمت میں عملی اقدامات کے ذریعے دکھا دیا کہ ہم تحریک آزادی کو ہر حال میں ترجیح اول ہی رکھیں گے۔انہوں نے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کی کاوشوں اور اجتماعی کام کرنے کے جذبے کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہماری حکومت کی ایک خوبی یہ ہے جسکا یقینا میں کریڈت لینا چاہوں گا یہ ہے کہ ہم نے مسئلہ کشمیر کو سب کو ساتھ لیکر چلنے کی پالیسی بنائی اور اس پر عمل کر کے دکھایا ہے۔

انہوں نے کہا جب بات مسئلہ کشمیر پر پیشرفت کی ہوتی ہے تو ہم سب جماعتی سیٹ اپ سے بالا ہو کر چلتے ہیں یہی ہماری سیاسی پختگی اور اداروں کے تسلسل کا حسن ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس سمت میں کام مسلسل کرتے رہنے کی ضرورت ہے اب ہمیں اسکے فالو اپ میں کوششیں جاری رکھنی ہیں تاکہ مقبوضہ کشمیر میں۔بھارتی فوج کے مظالم کا پردہ اسی طرح چاک کیا جاتا رہے۔

انہوں نے اس موقع پر شہدائے کشمیر کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا جن کی قربانیوں نے مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھا ہے اور جن کی شہادتوں اور بہادری کی داستانیں کشمیری قوم کا سرمایہ ہیں۔انہوں نے پوری قوم ،میڈیا،بااثر طبقات،ادیبوں ،دانشوروں ،وکلاء سے بھی کہا کہ وہ کشمیر کاز کے لیے یک جان ہو کر مخلصانہ کام جاری رکھیں اپنی حکومت کی کاوشوں میں اسکا ہاتھ بٹائیں اللہ نے چاہا تو ہم ہندوستان کو شکست دیکر رہیں گے او رکشمیر ہر حال میں پاکستان کا حصہ بن کر رہے گا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں