پاکستان کو معاشی ترقی دینے اور اسے اقتصادی طور پر بھی ناقابل تسخیر قوت بنانے پر کام کا آغاز ہو چکا ہے ،راجہ راشد حفیظ

گرین پاکستان منصوبے کے تحت ہر یونین کونسل میں 250 پودے لگانے کا ٹارگٹ فکس کیا گیا ہے ، عوام کو بھی زیادہ سے زیادہ درخت لگانے پر اکسایا جائیگا ، وزیر خواندگی پنجاب

ہفتہ 23 مارچ 2019 15:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2019ء) پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ پاکستان کو معاشی ترقی دینے اور اسے اقتصادی طور پر بھی ناقابل تسخیر قوت بنانے پر کام کا آغاز ہو چکا ہے ․ گرین پاکستان منصوبے کے تحت ہر یونین کونسل میں 250 پودے لگانے کا ٹارگٹ فکس کیا گیا ہے جبکہ اس کے علاوہ عوام الناس کو بھی زیادہ سے زیادہ درخت لگانے پر اکسایا جائیگا ․ تحریک انصاف کی حکومت شجر کاری اور گرین بیلٹ کیلئے کافی جگہ نہ چھوڑنے والی کسی بھی نئی ہائوسنگ سکیم کو منظوری نہیں دے گی جبکہ موجودہ تمام سوسائٹیوں میں درخت لگانے کی خصوصی مہمات چلائی جائیں گی ․ انہوں نے یہ بات یوم پاکستان کے حوالے سے منعقدہ محتلف تقریبات میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت اور خطاب کے موقع پر کہی ․ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ باتیں کرنے اور ان پر عمل پیرا ہونے میں بڑا فرق ہوتا ہے ․ ہماری لیڈر شپ نے جتنے دعوے کئے تھے ان سے کہیں بڑھ کر ملک میں حقیقی معنوں میں سرمایہ کاری آ رہی ہے اور قوم کے مشکل دن بہت جلد آسانیوں میں بدلنے والے ہیں ․ ہمیں یوم پاکستان مناتے ہوئے اپنا احتساب خود کرنا چائیے اور سوچنا چائییے کہ ملک کو کس طرح مسائل کے گرداب سے باہر نکال کر ترقی کے راستے پر ڈال سکتے ہیں ․ تحریک انصاف کی حکومت نے پہلی دفعہ قانون کی حکمرانی نافذ کی ہے جہاں کسی کو کوئی چھوٹ حاصل نہیں ․ انہوں نے کہا کہ ملک کو لوٹنے والوں اور ملک کو سنوارنے والوں کے درمیان فرق دن بہ دن واضح ہو رہا ہے اور عوام مشکل دور سے نکل کر آسانی کی جانب رواں ہیں ․ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ پاکستان کی محب وطن ، سرفروش اور جانباز افواج کے دفاعی حصار کی بدولت دشمن کو جرات نہیں کہ اپنی بڑھکوں کو عملی جامہ پہنا سکے جبکہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار کرپشن کے خلاف عزم و ہمت سے کام کرنے والی حکومت وطن عزیز کو ترقی کے راستے پر چڑھانے کی کامیاب سعی کر رہی ہے ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں