جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی ویمن ونگ کی ہندوستان کے خلاف احتجاجی ریلی

صوبائی ناظمہ کوثرپروین،ناظمہ ضلع سمیہ علی نے قیادت کی ،حکمران غیرت کا مظاہرہ کریں،راجہ جواد اقوام متحدہ اورانسانی حقوق کی تنظیمیں کشمیرمیں محصورفاقوں سے مرنے والے بچوں،مردوخواتین کی قاتل ہیں

پیر 16 ستمبر 2019 12:28

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2019ء) مقبوضہ کشمیرمیں بدترین دہشتگردی اور43روزسے کرفیوکے خلاف جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی ویمن ونگ نے ہندوستان کے خلاف کشمیرریلی کاانعقاد کیا جس کی قیادت قائمقام صوبائی ناظمہ پنجاب کوثرپروین ،ناظمہ ضلع سمیہ علی سمیت دیگرذمہ داران نے کی،احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امیرضلع راولپنڈی راجہ محمدجواد نے کہاکہ حکمران اپنے عالمی آقائوں کوخوش کرنے کی بجائے مظلوم کشمیر ی عوام کی عملی مددکریں احتجاج اورمذمتی بیانات کیلئے عوام اوراپوزیشن موجود ہے ریاست اپنی ذمہ داریاں پوری کرے پوری قوم یک آوازہے کہ نریندرموذی جیسے درندے کا منہ توڑنے کیلئے عملی اقدام ناگزیرہے۔

مقبوضہ وادی میں ظلم کا شکار بہنیں ،بیٹیاں ،مائیں اوربچے پکاررہے ہیں لیکن حکمران بندکمروں میں اجلاسوں اورجلسوں تک محدودہیں ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ 30دن سے محصورکشمیری عوام کی زندگی موت سے بدتربنادی گئی، اقوام متحدہ اورانسانی حقوق کی تنظیمیں کشمیرمیں محصورفاقوں سے مرنے والے بچوں،مردوخواتین کی قاتل ہیں ۔جنگ زدہ علاقوں میں خوراک اورامداد پہنچاناعالمی اداروں اور تنظیموں کی ذمہ داری ہے محض مسلمان ہونے کی وجہ سے اقوام متحدہ کشمیری عوام کی مددکی بجائے خاموش تماشائی کاکرداراداکررہا ہے جو انسانیت کے ساتھ بدترین دشمنی ہے۔

ناظمہ ضلع راولپنڈی سمیہ علی نے کہا کہ آج کربلا کا میدان مقبوضہ کشمیر میں برپا ہے،جہاں ایک کروڑ سے زائد نفوس محاصرے میں ہیں۔ان کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔ایک منظم نسل کشی کا انہیں سامنا ہے۔دنیا کا کردار کوفہ جیسا ہے۔حکومت کشمیریوں کے لئے کوئی عملی قدم اٹھاتی تو 43 روز تک کرفیو نہ رہتا۔اس موقع پر ضلعی سیکرٹری سیدامجدحسین شاہ، سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان سمیت دیگرذمہ داران اورخواتین وبچے شریک تھے ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں