اقوام متحدہ ہندوستانی کے ظالمانہ اقدامات کا نوٹس لے ‘سردار عتیق احمد خان

آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ (AFSPA) کی آڑ میں ہندوستان کی سفاک فوج معصوم شہریوں کی زندگیوں کے ساتھ کھیل رہی ہے

پیر 6 دسمبر 2021 13:29

مظفرآباد/راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2021ء) آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے قائد وسابق وزیراعظم سردارعتیق احمدخان نے کہا ہے کہ ہندوستانی فورسز کی اندھا دھند فائرنگ سے ہونے والی نوجوانوں کی شہادتیں مظلوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور غیر انسانی سلوک کی واضح مثال ہے۔اقوام متحدہ ہندوستانی کے ظالمانہ اقدامات کا نوٹس لے ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے پیدائشی حق، حق خودارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں اور وہ ہندوستانی تسلط سے آزادی کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں جو رائیگاں نہیں جائیں گے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے گزشتہ روزمسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما ڈاکٹر چوہدری تیمور کی طرف سے دئے گئے ظہرانے اور مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مسلم لیگ نواز کی سابق ایم پی اے میڈم تحسین فواد، حاجی راشد قریشی وائس چیئرمین انجمن تاجران راولپنڈی اور دیگر بھی موجود تھے۔

انہوںنے کہاکہ آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ (AFSPA) کی آڑ میں ہندوستان کی سفاک فوج معصوم شہریوں کی زندگیوں کے ساتھ کھیل رہی ہے جو ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ جب پوری دنیا کورونا وبا کا سامناکررہی ہے اور عالمی سطح پر لاکھوں انسان اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، مودی کی فسطائی حکومت کشمیر اور مسلمانوں کے خلاف سازشیں کرنے میں مصروف ہے۔

قائدمسلم کانفرنس نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیری نظربندوں کی حالت زار کا نوٹس لیں اور نئی دہلی پر دباؤ ڈالیں کہ وہ انہیں فوری طورپررہا کرے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے کشمیریوں کے خلاف مہلک پیلٹ گنز کے وحشیانہ استعمال سے مقبوضہ علاقے میں معذور ہونے والے افراد کی تعداد میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے اور اس وقت تین ہزار سے زائد کشمیری اپنی ایک یا دونوں آنکھوں کی بصارت کھونے کے خطرے سے دوچار ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ مودی حکومت نئے کشمیرمیں صحافیوںکو ہراساں کر کے ان کے ساتھ مجرموں جیسا سلوک کر رہی ہے ۔ ہندوستان فوجی طاقت کے وحشیانہ استعمال کے ذریعے کشمیریوںکو اپنی حق پر مبنی جدوجہد آزادی جاری رکھنے سے روک نہیں سکتا۔ انہوںنے کہاکہ مسئلہ کشمیر اقوا م متحدہ کی قرار دادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کئے بغیر خطے میں پائیدار امن و سلامتی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ انہوںنے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ بھارتی قابض فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کاسخت نوٹس لیں اور مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کیلئے اپنا اہم کردار ادا کریں

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں