نوجوان نسل کی امن اور امید کے ساتھ تربیت سے ملک کی تعمیروترقی کو چار چاند لگائے جا سکتے ہیں، نوجوان نسل ملک کا سرمایہ ہے، ڈاکٹر جوزف ارشد

ہفتہ 17 اگست 2019 16:48

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2019ء) مسیحی روحانی پیشوا کے لکھے اور کمپوز کردہ ملی نغموں نے مقبولیت کی سند حاصل کر لی،ویٹی کن ڈپلومیٹ سروسز جوائن کرنے والے پہلے پاکستانی پادری کا اعزاز پانے والے مسیحی روحانی پیشوا آرچ بشپ راولپنڈی اسلام آباد ڈاکٹر جوزف ارشد کے لکھے اور کمپوز کردہ ملی نغموں کی ڈی وی ڈی ’’ہم ہیں پاکستانی ‘‘ نے کمیونٹی کے ساتھ ساتھ ملکی سطح پر بھی مقبولیت کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں اور مسیحی کمیونٹی کی ملک بھر میں جشن آزادی کی تقریبات میں ان ملی نغموں کو باقاعدہ طور پر جشن کا حصہ بنایا گیا ۔

ڈاکٹر جوزف ارشد نے اے پی پی کو دیئے گئے انٹرویو میں کہاکہ وطن عزیز پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی کا فروغ وقت کی ضرورت ہے اور اس حوالے سے نوجوان نسل کی امن اور امید کے ساتھ تربیت سے ملک کی تعمیروترقی کو چار چاند لگائے جا سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

نوجوان نسل اس ملک کا سرمایہ ہیں اور ان کی بہترین تعلیم و تربیت سے وطن کا مستقبل وابستہ ہے ۔ڈاکٹر جوزف ارشد نے کہاکہ ہر پاکستانی وطن عزیز کی محبت سے سرشار ہے تاھم اس سرشاری کو قائم و دائم رکھنے اوروطن کی محبت کے جذبے کو جوان و ترو تازہ رکھنے کے لیے ہر سطح پر اقدامات کی ضرورت ہے ۔

۔انہوں نے بتایاکہ ملی نغموں پر مشتمل ان کی ڈی وی ڈی ’’ہم ہیں پاکستانی ‘‘ کے آٹھ ٹریک ہیں جن کی شاعری میں قومی مسائل کے ساتھ ساتھ رشوت کی لعنت و دیگر مسائل کو اجاگر کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ملی نغموں پر مشتمل یہ ڈی وی ڈی مسیحی برادری کی جانب سے وطن کے لیے ایک سرمایہ کی مانند ہے اور ان ملی نغموں نے کمیونٹی کے ساتھ ساتھ ملکی سطح پر بھی مقبولیت کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں ۔

انہوں نے بتایاکہ ملی نغمے انہوں نے خود تحریر کئے اوران کی موسیقی بھی خود ترتیب دی ہے تاکہ وطن سے محبت کا قرض ادا ہو سکے اور یہ ملک سے محبت کے ازلی اظہار کے ساتھ ساتھ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کی جانب اہم قدم بھی ہے ۔2018 ء میں بطور آرچ بشپ تعیناتی کے بعد انہوں نے مسیحی برادری کی فلاح و بہبود اور ترقی کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس عرصہ میں انہوں نے نوجوانوں کی سہ جہتی تربیت کو اولین ترجیح دی ۔

ڈاکٹر جوزف ارشد کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کی تربیت کے حوالے سے جن پہلوئوں کو مدنظر رکھا گیا ان میں ایمانی تربیت، تعلیمی تربیت اور ثقافتی تربیت کو مقدم رکھا گیا ۔اس حوالے سے ایک یوتھ کمیٹی ’کمیشن ‘بنایا گیا جس کے زیر اہتمام نوجوانوں کے مابین کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کرایا جاتا ہے تاکہ نوجوان نسل صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب ہو اور نشے کی لعنت میں مبتلا نہ ہو ۔

انہوں نے کہاکہ یوتھ کمیشن کے تحت جڑواں شہروں کے ساتھ ساتھ سرگودھا اور پشاور میں بھی نوجوانوں کے مسائل کے حل کے اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔انہوں نے این سی ایچ آر ڈی کے باہمی تعاون سے انسانی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے بھی متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔ڈاکٹر جوزف ارشد نے بتایاکہ مسیحی برادری نے سال 2019کو ’’امن اور امید ‘‘کے سال کے طور پر منارہی ہے جس کی اختتامی تقریبات نومبر میں شروع ہوں گی جبکہ 2020کوقومی سطح پر ’’نوجوانوں کے سال ‘‘کے طور پر منایا جائے گا ۔

ڈاکٹر جوزف ارشد نے کہاکہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل حقوق حاصل ہیں جبکہ موجودہ حکومت مسیحی برادری کے مسائل کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات کررہی ہے ۔ڈاکٹر جوزف ارشد نے کہاکہ مسیحی تعلیمی ادارے بھی فروغ تعلیم میں اہم کردار کماحقہ ادا کر رہے ہیں اور طلباء کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی کردار سازی پر بھی توجہ دی جا رہی ہے ۔ ڈاکٹر جوزف ارشد 10فروری2018ء کو باقاعدہ طور آرچ بشپ راولپنڈی اسلام آباد تعینات کیا گیا اور انہیں جڑواں شہروں سمیت گجرات سرگودھا ریجن کے مسیحی ڈائیوسز کے انتظام و انصرام کی ذمہ داری بھی سونپی گئی ۔

کیتھولک چرچ کا بشپ مسیحی دنیا میں روحانی پیشواء کے ساتھ ساتھ ایک وزیر کی طرح ہوتا ہے جو کہ مسیحی تعلیمات کے فروغ کا ذمہ دار اور مقدس احکامات کی پاسداری کروانے کا پابند ہوتا ہے جبکہ ریجن کے تمام کیتھولک گرجا گھر (ڈائیوسز )کی اضافی ذمہ داریاں بھی آرچ بشپ ہی ادا کرتا ہے ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں