وفاقی بجٹ میں شجر کاری کیلئے 14 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ،ملک عابد حسین

ہفتہ 12 جون 2021 12:58

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2021ء) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی کے وائس چیئرمین ملک عابد حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی سرپرستی میں پاکستان حقیقی معنوں میں زرعی و سبز انقلاب کی دہلیز پر پہنچ چکا ہے ۔ وفاقی بجٹ میں شجر کاری کیلئے 14  ارب روپے کی خطیر رقم اس انقلاب کو پار کرنے کی نوید ہے ۔ پاکستان کی تاریخ میں اس سے قبل ایسا عوام دوست بجٹ پیش نہیں کیاگیا جو ہماری حکومت نے گذشتہ روز پیش کیا ۔

انہوں نے وفاقی بجٹ کو سراہتے ہوئے اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم عمران خان ، وزیر خزانہ شوکت ترین اور دیگر حکومت ٹیم کو مبارکباد پیش کی جس نے سماجی اور عوام کی معاشی ترقی کا بے مثال بجٹ تیار کرکے پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت 10 بلین ٹری سونامی کے سلسلے میں کافی کام کر چکی ہے جس کو عالمی سطح پر سراہا گیا ۔

(جاری ہے)

اس منصوبے کی سو فیصد کامیاب بنانے کیلئے وفاقی بجٹ میں 14 ارب روپے کی رقم مختص کرنا انتہائی خوش آئیند امر ہے . پنجاب سمیت دیگر صوبے بھی ٹری پلانٹیشن کیلئے وافر فنڈز مختص کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ زرعی معیشت کو مضبوط و مستحکم کرنا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ اس سلسلے میں وزیر اعظم عمران خان نے ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسانوں اور کاشتکاروں کو وزیر اعظم ہائوس بلا کر ان سے براہ راست مسائل پر بات چیت کی اور زراعت کی ترقی میں درپیش رکاوٹوں کے بارے میں آگاہی حاصل کی ، بجٹ میں کسانوں کیلئے پہلی مرتبہ ایسی مراعات کا اعلان کیا گیا ہے جن کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی اور ان کے نتیجے میں ہم زراعت کے شعبے میں پوری خود کفالت کی منزل حاصل کریں گے ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں