تحریک لبیک یا رسول اللہ کے رہنمائوں کامطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں احتجاج کا دائرہ کار ملک بھر تک پھیلانے کا اعلان

اپنے اصولی موقف پر قائم ہیں ، حکومت وزیر قانون کو برطرف اور ختم نبوت حلفنامہ ختم کرنے والوں کیخلاف فوری کاروائی کرے ، مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو آئندہ دنوں میں ملک بھر میں شدید احتجاج شروع ہوجائے گا،تحفظ ختم نبوت کیلئے جانیں ہتھیلیوں پر رکھ کر میدان میں آئے ہیں ،مطالبات پورے کرائے بغیر واپس نہیں جائیںگے تحریک لبیک یا رسول اللہ کے رہنمائوں پیر محمد افضل قادری، علامہ خادم حسین رضوی ودیگر کا دھرنے کے شرکاء سے خطاب

پیر 13 نومبر 2017 22:44

تحریک لبیک یا رسول اللہ کے رہنمائوں کامطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں احتجاج کا دائرہ کار ملک بھر تک پھیلانے کا اعلان
راولپنڈی / اسلام آباد + لاہور / گجرات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 نومبر2017ء) تحریک لبیک یا رسول اللہ کے رہنمائوں پیر محمد افضل قادری، علامہ خادم حسین رضوی ودیگر قائدین اہلسنت نے حکومت کو دھمکی دی ہے کہ اگر حکومت نے فوری طور پر وفاقی وزیر قانون زاد حامد کو برطرف اور ختم نبوت حلف نامہ ختم کرنے والوں کیخلاف کارروائی نہ کی تو آئندہ چند دنوں میں احتجاج میں شدت آجائے گی اور اس کا دائرہ کار پورے ملک تک پھیلا دیں گے ،ہمارا مقصد صرف تحفظ ختم نبوت ہے جس کیلئے جانیں ہتھیلیوں پر رکھ کر میدان میں آئے مطالبات پورے کرائے بغیر واپس نہیں جائیںگے، ملک کے اکابر علما، گدی نشینوں، اہم شخصیات نے تحریک لبیک یارسول اللہ کے ’’ختم نبوت دھرنے‘‘ کی حمایت کا علان کیاہے ۔

پیر کو یہاں فیض آباد میں ختم نبوتؐ دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پیر محمد افضل قادری، علامہ خادم حسین رضوی ودیگر قائدین اہلسنت نے کہا ہے کہ پنجاب سے ہمارے ہزاروں علماء مشائخ اور کارکن گرفتار ہیں لیکن ہم تحفظ ختم نبوت کیلئے گرفتاریاں ہی نہیں جانیں قربان کرنے کا جذبہ رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کس قدر افسوس کی بات ہے کہ مملکت خدا داد اسلامیہ جمہوریہ پاکستان میں ختم نبوتؐ کیخلاف سازش کرنے والوں کو سزا نہیں دی جارہی لیکن تحفظ ختم نبوت کیلئے آواز بلند کرنیوالوں کو ظلم وتشدد اور گرفتاریوں کا سامنا ہے، جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے اصولی موقف پر قائم ہیں کہ حکومت قوم کے دینی جذبات کا احترام کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون زاحد حامد کو برطرف کرے اور ختم نبوت حلف نامہ ختم کرنے والوں کیخلاف فوری کاروائی کرے بصورت دیگر آئندہ دنوں میں ملک بھر میں شدید احتجاج شروع ہوجائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف اور صرف تحفظ ختم نبوت ہے جس کیلئے جانیں ہتھیلیوں پر رکھ کر میدان میں آگئے ہیں اور مطالبات پورے کرائے بغیر واپس نہیں جائینگے۔

انہوں نے کہا کہ پانچ ہفتے گزرنے کے باوجود ختم نبوت کے مجرموں کا تعین نہیں کیا گیا جبکہ حلف نامہ بحال کیا گیا لیکن 7B و 7C کا متن ابھی تک شامل نہیں ہوا۔ تحریک کے رہنمائوں کے مطابق جبکہ ختم نبوت سے متعلق مطالبات کے حق میں ملک بھر میں جلسے جلوس نکالے گئے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں