ورزش، روزانہ واک اور مناسب خوراک کے استعمال سے شوگر جیسے مرض سے نجات ممکن ہے ، ڈاکٹرج مال ناصر

منگل 14 نومبر 2017 19:37

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2017ء)دنیا بھر میں ذیابیطس کے مرض میں اضافہ باعث تشویش ہے پاکستان میں ہر 4میں سے ایک شخص شوگر میں مبتلا ہے جبکہ18سال سے زیادہ عمر کے لوگوں میں 26.3فیصد افراد شوگر کے عارضے سے دوچار ہیں ۔ورزش، روزانہ واک اور مناسب خوراک کے استعمال سے شوگر جیسے مرض سے نجات ممکن ہے ۔ان خیالات کا اظہارپاکستان گرین ٹاسک فورس کے صدر ،سیاسی و سماجی رہنماء ڈاکٹر جمال ناصر، پروفیسر ڈاکٹر جمال ظفر اور پرنسپل مسلم ہائر سیکنڈری سکول نمبر:1محمد یعقوب جنجوعہ نے ’’ذیابیطس کے عالمی دن‘‘ کے موقع پر کرائی گئی ’’ ذیابیطس آگاہی واک‘‘ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

جس کا اہتمام ماہرذیابیطس پروفیسر ڈاکٹر جمال ظفرنے کیا تھا ۔

(جاری ہے)

واک کالی ٹینکی سے شروع ہوئی جو مسلم ہائر سیکنڈری سکول نمبر:1 سید پور روڈ گراؤنڈ سٹیلائٹ ٹاؤن میںاختتام پذیر ہوئی، جس میں سیاسی و سماجی رہنماء ڈاکٹر جمال ناصر مہمان خصوصی تھے۔واک میں ینگ ڈاکٹرز،مسلم ہائی سکول نمبر:1اور ایجوکیٹرز سکول کے بچوں ،فارماسیوٹیکل کمپنیوں کے نمائندوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد شرکت نے شرکت کی ۔

اس موقع پرشرکاء میں کیپس اور تحائف بھی تقسیم کئے گئے،اس موقع پربچوں اورشہریوںکے لئے ’’فری شوگر سیکریننگ کیمپ‘‘ بھی لگایاگیا۔ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ بچوں کو پڑھائی کے ساتھ ساتھ کھیل کود میں بھی شریک رہنا چاہئے ۔ خوراک میں اعتدال پر دھیان دیں ،مشروبات اور فاسٹ فوڈ کا کم سے کم استعمال کرنا چاہئے تاکہ شوگر سمیت دیگر امراض سے وہ محفوظ رہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اس قسم کی واکس اور سیمینار امراض سے آگاہی میں مدد دیتی ہیں اور یہ بات خوش آئند ہے کہ ہماری نوجوان نسل ہر معاملے میں شعور آگاہی کی طرف بڑھ رہی ہے ۔ پروفیسر ڈاکٹر جمال ظفرکی طرف سے ’’شوگر فری سکریننگ‘‘ کے لئے مختلف علاقوں میں موبائل ایمبولینسز بھی بھجوائی گئیں۔ جبکہ شام کومقامی ہوٹل میں ’’شوگر آگاہی سیمینار ‘‘ ہواجس میں پروفیسر سلیم قریشی ، ڈاکٹر رضوان عزیز قاضی اور ڈاکٹر عمر نے خطاب کیا اور شوگر کے باعث ہونے والے نقصانات اور بیماریوں کے بارے میں اپنے تجربات و مشاہدات سے شرکاء کو آگاہ کیا ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں