شدید بارش، گیس پریشر زیرو ہونے سے شہریوں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ،تندوروں پر لمبی قطاریں لگ گئیں

جمعہ 20 اپریل 2018 19:19

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2018ء) شدید بارش کے بعد گیس پریشر زیرو ہونے سے شہریوں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ،تندوروں پر لمبی قطاریں لگ گئیں ۔شہریوں نے اے پی پی کو بتایاکہ راولپنڈی کینٹ کے علاقوں فیصل کالونی ،پیپلز کالونی ،اسلم مارکیٹ ،نوروز آباد ،ٹنچ بھاٹہ آبادی نمبر 2،آبادی نمبر 3جبکہ چکلالہ کینٹ کے علاقوں ہارلے سٹریٹ ،فردوسی لین ،ٹاھلی موہری ،غوثیہ چوک ،لالہ زار ،اڈیالہ روڈ ،صادق آباد ،یونین کو نسل 88کے علاقے خالد بن ولید کالونی اڈیالہ روڈ کے دونوں اطراف ڈھوک کلہور، ڈھوک جمعہ ، مبارک لین، خیابان میراں بخش ،ٹنچ بھاٹہ آبادی نمبر 1،2،3،ڈٖھوک سیداں ،گلشن شافی ،ڈھیری چوک ، اسلم مارکیٹ،عزیز آباد ،کیانی روڈ ،علامہ اقبال کالونی ،پیپلز کالونی ، اشرف کالونی ،شکریال ،ٹاہلی موہری ،ڈھوک سیداں ،کالج روڈ ،وارث خان ،راجا بازار ،بنی ،لالہ رخ کالونی چکری روڈ ،نیازی محلہ بہار کالونی ،لکھن ،صادق آباد ،دھمیال سمیت دیگر کئی علاقوں میں بارش کے دوران گیس پریشر زیرو ہو گیا ۔

(جاری ہے)

ٹنچ بھاٹہ آبادی نمبر 3کے مکینوں محمد نعیم ،سلطان خان ،ارشد ،محمد ظہور،ٹاھلی موہری ،ڈھوک سیداں و دیگر علاقوں کے مکینوں نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ گرمیوں کے آغاز کے باوجود گیس پریشر قبل ازیں بھی کم تھا اور بڑی مشکل سے کھانا پکانا ہوتا تھا تاھم جمعہ کی علی الصبح سے جاری شدید بارش کے بعد ان علاقوں سے گیس تقریباً غائب ہو گئی ۔

واضح رہے کہ گیس کے خطرناک حد تک کم پریشر سے نجات کے لیے متعدد شہریوں نے گیس کمپریسرز کا استعمال شروع کر رکھا ہے جس کی وجہ سے دیگر صارفین گیس کے زیرو پریشر کا شکار ہو گئے ہیں ۔شہریوں نے محکمہ سوئی گیس راولپنڈی ریجن سے مطالبہ کیا کہ ان علاقوں میں گیس پریشر بحال کیا جائے اور شہریوں کے مسائل کا ازالہ کیا جائے ۔شہریوں نے مقامی سیاسی قیادت سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ گذشتہ کئی برس سے راولپنڈی شہر میں گیس کے مسائل پر قابو پانے کے دعوے کر رہے ہیں تاھم عملی طور پر شہریوں کو گیس کے کم پریشر کے شدید مسائل درپیش ہیں ۔

شہریوں نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ گیس کمپریسرز استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔شہریوں نے اے پی پی کو ایک بار پھر یہی موقف اپنا یاکہ بارش کے ساتھ ہی ایل پی جی سلنڈر اور کھلی گیس کی فی کلو قیمت میں اضافے کے ساتھ ایل پی جی ناپید ہو گئی ۔اس حوالے سے ایس این جی پی ایل راولپنڈی ریجن کے جنرل مینجر محمد ظہورنے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ اچانک تیز بارش کے ساتھ گیس کھپت بڑھ گئی ہے جس کی وجہ سے گیس پریشر میں کمی واقع ہوئی ہے ۔

جنرل مینجر محمد ظہور نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ گیس کے استعمال میں احتیاط برتیں اور گیس ہیٹرز وغیرہ لگانے سے گریز کریں ۔انہوں نے خبردار کیاکہ گیس پریشر میں اضافے کے لیے کمپریسرز کا استعمال نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ انتہائی نقصان دہ ہے جبکہ اس سے دوسرے صارفین کی حق تلفی بھی ہوتی ہے ۔جنرل مینجر محمد ظہور نے اے پی پی کو بتایاکہ گیس کمپریسرز کا استعمال کرنے والے صارفین کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے اور ایسے صارفین کا گیس کنکشن منقطع کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں