ریلوے راولپنڈی ڈویژن کو خصوصی سمر ٹرینوں سے ایک کروڑ روپے سے زائد کی آمدن ہو ئی

ڈویژنل کمرشل آفیسررضا علی حبیب کی ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت

جمعرات 19 جولائی 2018 20:25

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2018ء) پاکستان ریلوے راولپنڈی ڈویژن نے 8 خصوصی ٰ سمر ٹرینوں سے ایک کروڑ روپے سے زائد کی آمدن حاصل کر لی ۔ڈویژنل کمرشل آفیسر راولپنڈی ڈویژن رضا علی حبیب نے ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ پاکستان ریلوے نے موسم گرما کی تعطیلات میں عوامی سہولت کے پیش نظر راولپنڈی سے کراچی کے لیے 18جون سے خصوصی سمر ٹرین کا اجراء کیا تھا ۔

یہ ٹرینیں حیدر آباد ،روہڑی ،خانپور ،بہاولپور ،خانیوال ،ساہیوال ،اوکاڑہ ، رائے ونڈ ، لاہور ،گوجرانوالہ ،وزیر آباد ،گجرات ،لالہ موسیٰ اور جہلم اسٹیشنز پر قیام کے بعد منزل مقصود پر پہنچیں ۔ انہوں نے مزید بتایاکہ سمر ٹرینوں میں اے سی بزنس ،اے سی سٹینڈرڈ اور اکانومی کلاس کی بوگیاں لگائی گئی تھیں ۔

(جاری ہے)

رضا علی حبیب نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ سپیشل سمر ٹرین یکطرفہ سفر کے دوران کم و بیش 700مسافروں کو منزل مقصود پر پہنچاتی رہی جس سے تقریباً 13لاکھ روپے آمدن ہوئی ۔

مجموعی طور پر آٹھ سمر ٹرینوں کے ذریعے ریلوے راولپنڈی ڈویژن کو ایک کروڑ روپے سے زائد کی آمدن ہوئی ۔ ایک سوال کے جواب میں رضا علی حبیب نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایاکہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر راولپنڈی ریلوے اسٹیشن کی سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر مسلح پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ مشتبہ سرگرمیوں اور افراد پر کڑی نظر رکھنے کے لیے سادہ کپڑوں میں پولیس اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں ۔

انہوں نے بتایاکہ راولپنڈی ریلوے اسٹیشن کی سکیورٹی کے لیے نصب کیمروں ،سرچ لائٹس ،سکینرز اور دیگر سکیورٹی انتظامات کی از سر نو جانچ پڑتال کاکام بھی مکمل کر لیاگیا ہے۔ رضا علی حبیب نے سرکاری خبر رساں ادارے کو بتایاکہ ریلوے اسٹیشن پر ہر قسم کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھنے کے لیے 16کلوز سرکٹ کیمرے نصب ہیں جبکہ مسافروں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے ریلوے اسٹیشن کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس بھی لگائے گئے ہیں ۔اسی طرح راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کے سامان ،دوسرے شہروں کو بھیجے جانے والے پارسل اور دیگر سامان کی جانچ پڑتا ل کے لیے خصوصی سکینرز بھی لگائے گئے ہیں۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں