راولپنڈی کینٹ ، 500بستروں کاشاہکا ر ہسپتال ستمبر میں فعال کر دیا جائے گا

کینٹ جنرل ہسپتال کے ناک کان گلا ،گائنی ،کارڈیالوجی اورایمرجنسی سمیت 14 شعبوں کی اپ گریڈیشن

منگل 14 اگست 2018 18:43

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2018ء) کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر راولپنڈی سبطین رضا نے کہاہے کنٹو نمنٹ جنرل ہسپتا ل راولپنڈی کو 500بسترو ں کا شاہکار ہسپتال بنا یا جا رہا ہے جو کہ ستمبر کے اختتام تک مکمل فعال کر دیا جائے گا،کینٹ کے مکینوں کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے ہسپتال میں جدید ترین مشینری اور طبی آلات کی تنصیب جا ری ہے۔

قومی خبر رساںا یجنسی سے بات چیت کرتے ہوئے سی ای او کینٹ سبطین رضا نے بتایاکہ قبل ازیں ماضی میں یہ ہسپتال 80بستروں پر مشتمل تھا جسے راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کی سابق سی ای او ڈاکٹر صائمہ شاہ کی کاوشوں کی بدولت 500بستر کے ہسپتال میں تبدیل کرنے کے لیے خطیر رقم سے اپ گریڈیشن شروع کی گئی ۔سبطین رضا نے بتایاکہ ہسپتال کے لیے خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر قابل اور تجربہ ڈاکٹرز کی تعیناتی کی گئی اور کنٹونمنٹ جنرل ہسپتال کو بہت جلد ٹیچنگ ہسپتال کا درجہ دیاجائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کنٹونمنٹ جنرل ہسپتال راولپنڈی پاکستان بھر کے کینٹ بورڈ کے ہسپتالوں میں صف اول کا ہسپتال بن چکا ہے اور یہ ہسپتال راولپنڈی کینٹ کے مکینوں کے لیے ایک شاندار تحفہ ثابت ہو گا ۔سبطین رضا نے اے پی پی کو بتایاکہ آر سی بی انتظامیہ کینٹ کے علاقوں میں صحت کی بہترین سہولیات کی یکساں دستیابی کے لیے متعدد اقدامات اٹھا رہاہے ۔

انہوں نے بتایاکہ کینٹ جنرل ہسپتال کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے تحت 500بستروں کا ہسپتال آئندہ ماہ کے اواخر تک مکمل فعال کر دیا جائے گا ۔سبطین رضا نے بتایاکہ کینٹ جنرل ہسپتال کے ڈھانچے کی بہتری ،سیوریج لائنوں اور لفٹو ں کی بحالی کے لیے گذشتہ مالی سال میں 180ملین روپے کی خطیر رقم خرچ کی گئی ۔حالیہ اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے تحت کینٹ جنرل ہسپتال کے ناک کان گلا ،گائنی ،کارڈیالوجی اورایمرجنسی سمیت 14 شعبوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا جبکہ طبی فضلے کے انسداد کے لیے الیکٹرک انسینیٹر کی تنصیب بھی کی جائے گی ۔

انہوں نے کہاکہ ہسپتال کی اپ گریڈیشن کا کام 570ملین روپے سے مکمل کی جائے گی جس کے تحت الیکٹرو میڈیکل آلات کی خریداری 348.98 روپے کی رقم سے ، لانڈری اور سی ایس ایس ڈی پر 69.96 ملین روپے ،ٹرانسپورٹ ،ایمبولینسز کی خریداری 42ملین روپے ،متفرق اخراجات پر 9.59 ملین روپے جبکہ انسینیٹر کی تنصیب پر 30ملین روپے کی لاگت کا تخمینہ ہے ۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں