شہر و کینٹ میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں اضافہ، سٹی ٹریفک پولیس کی گرفت کمزور پڑ گئی

بدھ 15 اگست 2018 19:05

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2018ء) شہر و کینٹ میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں اضافہ ہو گیا ۔شہریوں نے اے پی پی کو بتایاکہ شہر و کینٹ کے علاقوں میں ٹریفک قوانین کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں تاھم ٹریفک وارڈنز محض مخصوص اوقات اور مخصوص مقامات پر شکنجہ لگانے کو ترجیح دینے لگے ۔شہریوں نے بتایاکہ راجہ بازار ،مری روڈ،صدر ،کشمیر و بنک روڈ اور دیگر علاقوں میں موٹر سائیکل اور کار سواروں کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں خطرناک حد تک بڑھ چکی ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک جام اور دیگر مسائل سامنے آنے لگے ۔

ذرائع نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ ٹریفک وارڈن قوانین کی خلاف ورزیوں پر کارروائی کی بجائے کھڑے رہتے ہیں جبکہ دبائو بڑھنے پر ٹولیوں کی شکل میں مخصوص مقامات پر ناکہ لگا کر ہر کار سوار و موٹر سائیکل سوار کا چالان کرتے نظر آتے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں ذرائع نے بتایاکہ سٹی ٹریفک پولیس قوانین کے اطلاق اور ان کے موثر نفاذ میں مکمل ناکام ہو چکی ہے اور شہری صرف ان کے شکنجے کے مقامات سے پرہیز کرتے ہیں جبکہ دیگر مقامات پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی دیدہ دلیری سے کرتے ہیں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نفری کی کمی کی وجہ سے ٹریفک پولیس اہلکار ایک وقت میں دو کام نہیں کر سکتے کیونکہ ایک وقت میں ٹریفک کنٹرول کی جا سکتی ہے یا پھر چالان کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں