عید الاضحی کا دن مسلم اُمہ کیلئے اطاعت اور ایثار وقربانی کا پیغام ہے ،، ڈاکٹر جمال ناصر

حضرت اسماعیل ؑ نے اپنے والدحضرت ابراہیم ؑ کے خواب کو عملی تعبیر دینے کیلئے آدابِ فرزندی کی ایک اعلیٰ و ارفع مثال قائم کی جو ہمارے لئے نمونہ عمل ہے، صدرپاکستان گرین ٹاسک فورس

منگل 21 اگست 2018 15:30

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2018ء) عید الاضحی کا دن مسلم اُمہ کیلئے اطاعت اور ایثار وقربانی کا پیغام ہے ، حضرت اسماعیل ؑ نے اپنے والدحضرت ابراہیم ؑ کے خواب کو عملی تعبیر دینے کیلئے آدابِ فرزندی کی ایک اعلیٰ و ارفع مثال قائم کی ،جو ہمارے لئے نمونہ عمل ہے ۔موجودہ دور میں والدین کی اطاعت و تابعدار کا فقدان ایک معاشرتی المیہ بن چکا ہے، دنیا و آخرت کی کامیابی و کامرانی کیلئے ہمیں والدین کی اطاعت و تابعدار کو اپنی زندگی کا شعار بناناہوگا اس طرح ہمارا ربّ بھی ہم سے راضی ہو گا۔

ان خیالات کا اظہارصدرپاکستان گرین ٹاسک فورس و چیئرمین قمر جہاں فاؤنڈیشن ڈاکٹر جمال ناصر نے عید الاضحی کے موقع پراپنے پیغام میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ عید الاضحی کا دن جانوروں کی قربانی کے ساتھ ہم سے ایثار و اطاعت کا بھی تقاضا کرتا ہے ، آج کے دن ہمیں اس امرکا عہد کرنا ہوگا کہ ہم اپنی زندگیوں کو اللہ تعالیٰ اور نبی کریم ؐکی تعلیمات کی روشنی میں بسر کریں گے اوراپنے اندر دوسروںکے لئے قربانی کا ایک ایسا جذبہ پیدا کریں گے کہ جس کے تحت ہم اپنے مسلمان بھائیوں کے دکھ درد میں شریک ہو سکیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز میں پانی کا بحران اور ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہماری آئندہ نسلوں کیلئے پریشان کن صورتحال پیدا کر سکتے ہیںاس لئے ہمیں آج اس بات کا بھی عہد کرنا ہوگا کہ ملک میں ڈیم بنانے کی مہم میں شریک ہونگے اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے شجرکاری پربھی توجہ دیں گے ۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ اللہ کی رضا کیلئے قربانی کرنے والوں کو اپنے اردگرد بسنے والے غریب و نادار افرادکا بھی ہر ممکن خیال رکھنا چاہئے تاکہ کوئی غریب و نادار قربانی کے گوشت سے محروم نہ رہ جائے ۔

انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی پر قربانی کے بعد گوشت کو فریزرمیں رکھنے کی عادت ترک کرنا ہو گی ۔ کیونکہ اس روش سے ہم اللہ کی خوشنودی کی بجائے ناراضی مول لیتے ہیں ۔ موجودہ دور میں اپنے نفس کو مارنے کی اشد ضرورت ہے ، انّا اور غرور کو بھلا کر ہمیںامت مسلمہ میں اخوت و بھائی چارے کو فروغ دینا ہوگا ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں