راولپنڈی میں پہلے ایکسائز سروس سنٹر کا افتتاح کر دیا گیا

بدھ 19 ستمبر 2018 19:38

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2018ء) صوبائی وزیر برائے ایکسائز، ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول حافظ ممتاز احمد نے کہا ہے کہ ٹیکس کا پیسہ سہولیات کی شکل میں عوام کو واپس لوٹائیں گے ، عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے اوراسی مقصد کیلئے ایکسائز سروس سنٹر قائم کئے جار ہے ہیں تاکہ ٹیکس کی ادائیگی میں عوام کو آسانی میسر ہو۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی میں پہلے ایکسائز سروس سنٹر کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی سہیل ارشد، ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن لاہور رضوا ن اکرم شیروانی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر برائے ایکسائز، ٹیکسیشن، اور نارکوٹکس کنٹرول حافظ ممتاز احمدنے سروس سنٹر کا دورہ کیا اور موجود سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت نے عوام کا اعتماد جیتا ہے اور عوام کے اعتماد کو برقراررکھا جائیگا اور جب عوام حکومت پر اعتبار کریں تو ٹیکس میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے اور تحریک انصاف کی حکومت عوام کے اعتما د پر پورا اترنے کیلئے وزیر اعظم عمران خان کی قیاد ت میں دن رات کام کر رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ عوام نے تحریک انصاف کو خدمت کاموقع دیا ہے اور یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ عوام کی توقعات کے مطابق تبدیلی لے کر آئے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ انہوںنے کہاکہ ایکسائز سروس سنٹر کی کامیابی کے بعد ایسے سنٹر چھوٹے شہروں میں بھی کھولے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان سنٹروں میں تمام کام جدید کمپیوٹر سسٹم کے تحت ہو رہا ہے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں