عاشورہ محرم، فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے گی، راجہ راشد حفیظ

جمعرات 20 ستمبر 2018 20:42

راولپنڈی 20ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2018ء) حکومت پنجاب کی طرف سے ضلع راولپنڈی میں محرم الحرام کے موقع پر امن عامہ کے انتظامات کے انچارج پنجاب کے وزیر لٹریسی و غیر رسمی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ عاشورہ محرم کے دوران امن کی فضاء قائم رکھنے ، فول پروف سکیورٹی ، مذہبی رواداری و فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے اور علم ، تعزیہ و ذوالجناح کے جلوس کے روٹ اور امام بارگاہوں میںعذاداروںکو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے انتظامیہ ، پولیس اور سیکورٹی اداروں کی طرف سے ہر ممکن انتظامات کئے گئے ہیں۔

انہوںنے یہ بات جمعرات کو میئر کارپوریشن آفس راولپنڈی میں قائم کنٹرول روم کے معائنے اور امام بارگاہوں کے دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر عاشورہ محرم کے دوران یکجہتی قائم رکھنے کے لئے صوبائی وزراء اپنے اپنے حلقوں میں تمام مکاتب فکر کے علماء کے تعاون سے سکیورٹی کے انتظاما ت کا جائزہ لے رہے ہیں ۔

کنٹرول روم کے معائینے کے موقع پراسسٹنٹ کمشنر کینٹ زاہد خان، اے سی صدر عمر شیرازی، اے سی سٹی نعیم افضل، کینٹ مجسٹریٹ عظیم شوکت اعوان، سٹی مجسٹریٹ محمداقبال، ایس این اے قمرنذیرنے انہیں بتایا کہ راولپنڈی کے اہم چوراہوں اور مرکزی مقامات پر 360 کلوز سرکٹ کیمرے نصب کئے گئے ہیں جہاں ٹریفک اور شہریوں کی آمد و رفت مانیٹر کی جا رہی رہی ہے تاکہ مشکوک افراد کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جا سکے۔

راجہ راشد حفیظ نے ہدایت کی کہ کنٹرول روم میں چوبیس گھنٹے عملہ الرٹ رہے اوراس بات کو یقینی بنایا جائے کہ عاشورہ محرم کے دوران کہیں بھی امن و امان کا مسئلہ پیدا نہ ہونے دیا جائے۔ انہوں نے راجہ بازارراولپنڈی میںمدرسہ تعلیم القران کے دورے کے موقع پر مولانا اشرف علی سے ملاقات کی اور ان سے محرم الحرم کے مرکزی جلوس کے روٹ ، نماز جمعہ کی اوقات اور پرامن جلوس کے انعقاد کے حوالے انتظامات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

صوبائی وزیر راجہ راشد حفیظ نے راجہ بازار ،ٹرنک بازار، لیاقت روڈ، جامع مسجد روڈ، کالج روڈ ، امام باڑہ روڈ، اصغرمال ، سیٹلائٹ ٹاون اور ملحقہ علاقوں میں تاجروں سے بھی ملاقات کی اور ان سے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بات چیت کی ۔ انہوں نے کالج روڈ پر نویں محرم کے جلوس کے منتظمین اور اس موقع پر موجود امن کمیٹی کے اراکین اور مختلف مکاتب فکر کے علماء اور تاجر تنظیموںکے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کیں۔

جنہوں نے سکیورٹی کے انتظامات پر اعتماد کا اظہارکیا۔ راولپنڈی شہر کے پانچ گھنٹے کے تفصیلی دور ے کے دوران راجہ راشد حفیظ نے اندرون شہر کی تنگ و تاریک گلیوں میں پیدل چل کر امام بارگاہوں کا دورہ کیا اور امن و امان کا جائزہ ۔ شاہ چن چراغ اور تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے ہیڈ کوارٹر میں آغا سید محمد مرتضے، سید حسن گاظمی، ابرار شاہ ، سید راحت کاظمی، اعتبار بخاری اور دیگر راہنماوں نے صوبائی وزیر کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے حفاظتی انتظامات پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔

اس موقع پر انہوںنے کہاکہ غم حسین پوری کائینات کا غم ہے اور ہمیں اس موقع پر باہمی اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرکے امن و امان قائم رکھنے میں ہر ممکن مدد دینی چاہیے۔ انہوںنے راولپنڈی کی انتظامیہ ،پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے کئے گئے انتظامات پر اطمینان ظاہر کیا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں