اہل بیت اطہار کی عظمت و منزلت مسلمہ حقیقت ہے، یوم عاشور پر راولپنڈی میں منعقدہ شہید اعظم کانفرنس سے علمائے کرام کا خطاب

ہفتہ 22 ستمبر 2018 20:07

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2018ء) شہدائے کربلاء کی یاد میں ’’ شہید اعظم کانفرنس عاشورہ محرم کے موقع پرجامعہ اسلامیہ فیض القرآن جامع مسجداکبری صابری موہڑہ چھپرغوث اعظم روڈمیںمنعقد ہو ئی جس کی صدارت پیرسیدشبیرحسین گیلانی نے کی جبکہ علامہ محمدثناء اللہ قادری،صاحبزادہ مقصوداحمد صابری،قاری عبدالحبیب الخیری نے خطاب کیا ۔

صاحبزادہ علی احمد صابری و صاحبزادہ غلام معین الدین صابری نے بتایاکہ اپنی نوعیت کی منفرد ’’ شہید اعظم کانفرنس ‘‘سجادہ نشین صابری دربار صاحبزادہ حافظ بدرا لدین صابری کی زیر سرپرستی ہو ئی جس کے انتظامات کی نگرانی معروف عالم دین و بانی غوث اعظم روڈ علامہ صاحبزادہ مقصود احمد صابری نے کی ۔کانفرنس میں علامہ پیرسیدقاصدحسین گیلانی،حافظ شفیق الرحمن ہزاروی، علامہ نویداحمدچشتی ، حافظ محمدشفیق چشتی اور عاشقان حسن و حسین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

اس موقع پرمقررین نے شہدائے کربلا کی شان اور اہل بیت اطہار کی عظمت و منزلت پر مفصل بیان کیا اور کہاکہ واقعہ کربلا دین کی بقاء اسلامی اقدار کے تحفظ اور باطل کے سامنے ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے،شہدائے کربلاء کی قربانیاں تاریخ اسلام کا لازوال حصہ ہیں،سیدنا حضرت حسینؑ نے اپنا سب کچھ اسلام کی خاطر قربان کردیا۔ آپؑ نے اپنی جان ، مال کا نذرانہ دے کر حق وصداقت کا علم بلند کرکے ہمیں درس دیا کہ اسلام کی سربلندی کے لیے اپنا سب کچھ لٹادینے والے ہی ہمیشہ کامیاب رہتے ہیں۔

مقررین نے کہاکہ سیدنا حضرت حسینؑ سے عقیدت و محبت کا تقاضا ہے کہ قرآ ن و سنت کی تعلیمات پر عمل کیاجائے۔سیدناامام حسین ر ضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اسلام کی سر بلندی اور اسلام کی حقیقی روح کو تا قیامت مسلمانوں تک پہنچانے کیلئے اپنا سب کچھ لٹادیا،سیدنا حضرت حسینؑ نے کربلا کے میدان میں عظیم قربانی دیکر دین اسلام کو زندہ وجاوید کیا۔ آپؑ نے کر بلا کے میدان میں فاسق وفاجر،ظالم و جابر کے سامنے کلمہ حق بلند کیا اور رہتی دنیا تک مثا ل قائم کردی کہ ظالم وجابر کے خلاف ڈٹ جانا ہی حسینیت ہے چاہے اس راہ میں کتنی ہی مشکلات کا سامنا کیوں نہ ہو گھر بار اولاد سمیت اپنی جان کی قربانی دینا ہی اہل حق کا شیوہ ہے۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں