زائد کرایوں کی وصولی پر ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی کی جائے گی

ہفتہ 22 ستمبر 2018 20:19

راولپنڈی22ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2018ء) ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی راولپنڈی نے کرایوں میں مبینہ خودساختہ ا ضافہ کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف گرینڈ آپریشن کا فیصلہ کر لیا ۔ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی راولپنڈی کے سیکرٹری خالد یامین ستی نے قومی خبر ایجنسی نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے ٹرانسپورٹرز کو خبردار کیاکہ وہ زائد کرایوں کی وصولی سے باز رہیں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔

انہوں نے بتایاکہ پنجاب ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے 22جون کو اندرون شہر و جڑواں شہروں کے مابین چلنے والی ٹرانسپورٹ کا نظر ثانی شدہ کرایہ نامہ جاری کیا تھا جس کے تحت صفر سے 4کلو میٹر تک کاکرایہ 11روپے سے بڑھا کر 15روپے ، .1 4سے 8کلومیٹر تک کا کرایہ 12روپے سے بڑھا کر 16روپے ، .1 8سے 14کلومیٹر تک کا کرایہ 15روپے سے بڑھا کر 20روپے ،14.1کلومیٹر سے 22کلومیٹر تک کرایہ 18روپے سے بڑھا کر 24روپے ،22.1کلومیٹر سے لے کر 30کلومیٹر تک کاکرایہ 21روپے سے بڑھا کر 28روپے کیا گیا تھا جبکہ 30.1کلومیٹرسے زائد فاصلے کا کرایہ 26روپے سے بڑھا کر 35روپے کر دیا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری خالد یامین ستی نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ نظر ثانی شدہ کرائے سے زائد کرائے کی وصولی میں ملوث ٹرانسپورٹرز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور اس ضمن میں ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی خصوصی چھاپہ مار ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں جو کہ زائد کرایوں کی وصولی میں ملوث ٹرانسپورٹرز کے خلاف موقع پر کارروائی کریں گی۔ دریں اثناء راولپنڈی کچہری اور بائیس نمبر چونگی سے اڈیالہ روڈ تک چلنے والے ٹرانسپورٹرز نے مبینہ طور پرکرایوں میں خودساختہ اضافہ کر دیا ہے جس سے مسافروں کو شدید مشکلات لاحق ہو گئیں۔

کرایوں میں خودساختہ اضافے کے حوالے سے سیکرٹری آر ٹی اے نے اے پی پی کو بتایاکہ مسافروں سے زائد کرایوں کی وصولی میں ملوث ٹرانسپورٹرز کے خلاف گرینڈ آپریشن کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور ایسے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کسی قسم کی رعائت نہیں برتی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں