پی ٹی ڈی سی کے زیر اہتمام فرانس سے آئے ہوئے نمایاں ٹور آپریٹرز کا اجلاس

پاکستان اور فرانس میں دیرینہ تعلقات قائم ہیں اوران میں مزید استحکام کیلئے سیاحت کا فروغ ضروری ہے، جنرل منیجر پی ٹی ڈی سی

پیر 24 ستمبر 2018 23:22

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 ستمبر2018ء) پاکستان ٹورازم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) کے زیر اہتمام فرانس سے آئے ہوئے نمایاں ٹور آپریٹرز کا اجلاس پی ٹی ڈی سی ہیڈ کوارٹر فلیش مین ہوٹل راولپنڈی میں منعقد ہوا جس کی صدارت جنرل منیجر پی ٹی ڈی سی علی اکبر ملک نے کی۔ بارہ ممبران پر مشتمل ٹور آپریٹرز کا گروپ پاکستان کے دورے پر ہے ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل منیجر پی ٹی ڈی سی علی اکبر ملک نے کہا کہ پاکستان اور فرانس میں دیرینہ تعلقات قائم ہیں اوران میں مزید استحکام کیلئے سیاحت کا فروغ ضروری ہے۔ اس لئے یہ امر نہائیت اہم ہے کہ دونوں ممالک کے ٹور آپریٹرز آپس میں روابط قائم کریں اور پیکجز شیئرکریں تاکہ مشترکہ طور پر سیاحت کو فروغ دیا جا سکے۔

(جاری ہے)

پاکستان مکمل طور پر پُرامن ملک ہے جہاں سیاحت کے بے پناہ مواقع ہیں۔

وہ وقت دور نہیں جب سار دنیا کو یہ احساس ہو گا کہ پاکستان واقعی جنت نظیرملک ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان بھر میں سیاحت کے ہر شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں ۔ ہم سیاحت کی ترویج و ترقی کیلئے نئی جہتیں متعارف کرارہے ہیں۔ سیاحت کی ترقی کیلئے نجی شعبے کے ساتھ ساتھ لوکل کمیونٹی میں بھی سیاحت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو اعلی معیار کی سہولتیں دستیاب ہوں۔

فرانسیسی باشند وںکی سہولیت کیلئے بروشرز فرانسیسی زبان میں شائع کیے جائیں گے اور پی ٹی ڈی سی کی ویب سائیٹ کا فرانسیسی زبان میں ترجمہ بھی دستیاب ہے۔ اجلاس میں منیجر فلیشمین اشفاق احمد لوٹھڑ، منیجر پبلسٹی مختار علی اور منیجر اکاؤنٹس عادل زیدی اور انچارج ٹورز ارشد علی شامل تھے۔فرانسیسی ٹور آپریٹرڈومینیک آندرے نے کہا کہ پاکستانی کھانے فرانسیسی باشندوں کو بہت پسند ہیں۔

ہرسال فرانسیسی سیاحت کیلئے بڑی تعداد میں مختلف ممالک کا رُخ کرتے ہیں جن کیلئے پاکستان ایک منفرد مقام ہو سکتا ہے۔ اس کے لئے ٹور پیکجز ترتیب دینے اور ٹورآپریٹرز کے مابین تعاون بہت ضروری ہے۔ پاکستان کے ٹور آپریٹرز اور قومی سیاحتی ادارے اگر اپنے سیاحتی مقامات کی بذریعہ موبائل ایپس ، فرانسیسی زبان اور سوشل میڈیا ترویج کریں تو فرانس سے سیاحوں کی بڑی تعداد پاکستان کا رخ کر سکتی ہے۔ گروپ کے دیگر ممبران میں ڈینس گھمبون، فرانسس پاولا، لائیونل پاویل، یاؤ کیکشن، ویلنٹین ارورے، سولیین میری، یان فرانسس کرسٹین، میری اینک، ایسیا سماٹی اور جوڈتھ ہیلین شامل ہیں۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں