فرانس سے آئے ہوئے 12 ممبران پر مشتمل ٹور آپریٹرز گروپ کی پی ٹی ڈی سی حکام کے ساتھ اجلاس

پاکستان مکمل طور پر پرامن ملک ہے جہاں سیاحت کے بے پناہ مواقع ہیں، وہ وقت دور نہیں جب ساری دنیا کو یہ احساس ہو گا کہ پاکستان واقعی جنت نظیر ملک ہے، جنرل منیجر پی ٹی ڈی سی علی اکبر ملک

پیر 24 ستمبر 2018 23:41

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2018ء) پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) کے زیر اہتمام فرانس سے آئے ہوئے نمایاں ٹور آپریٹرز کا اجلاس پی ٹی ڈی سی ہیڈ کوارٹر فلیش مین ہوٹل راولپنڈی میں منعقد ہوا جس کی صدارت جنرل منیجر پی ٹی ڈی سی علی اکبر ملک نے کی۔ 12 ممبران پر مشتمل ٹور آپریٹرز کا گروپ پاکستان کے دورہ پر ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل منیجر پی ٹی ڈی سی علی اکبر ملک نے کہا کہ پاکستان اور فرانس کے درمیان دیرینہ تعلقات قائم ہیں اور ان میں مزید استحکام کیلئے سیاحت کا فروغ ضروری ہے، اس لئے یہ امر نہایت اہم ہے کہ دونوں ممالک کے ٹور آپریٹرز آپس میں روابط قائم کریں اور پیکجز شیئرکریں تاکہ مشترکہ طور پر سیاحت کو فروغ دیا جا سکے، پاکستان مکمل طور پر پرامن ملک ہے جہاں سیاحت کے بے پناہ مواقع ہیں، وہ وقت دور نہیں جب ساری دنیا کو یہ احساس ہو گا کہ پاکستان واقعی جنت نظیر ملک ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر میں سیاحت کے ہر شعبہ میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، ہم سیاحت کی ترویج و ترقی کیلئے نئی جہتیں متعارف کرا رہے ہیں، سیاحت کی ترقی کیلئے نجی شعبہ کے ساتھ ساتھ لوکل کمیونٹی میں بھی سیاحت کے حوالہ سے شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو اعلیٰ معیار کی سہولتیں دستیاب ہوں، فرانسیسی باشندوں کی سہولت کیلئے بروشرز فرانسیسی زبان میں شائع کئے جائیں گے اور پی ٹی ڈی سی کی ویب سائٹ کا فرانسیسی زبان میں ترجمہ بھی دستیاب ہے۔

اجلاس میں منیجر فلیشمین اشفاق احمد لوٹھڑ، منیجر پبلسٹی مختار علی اور منیجر اکاؤنٹس عادل زیدی اور انچارج ٹورز ارشد علی شامل تھے۔ فرانسیسی ٹور آپریٹر ڈومینیک آندرے نے کہا کہ پاکستانی کھانے فرانسیسی باشندوں کو بہت پسند ہیں، ہر سال فرانسیسی سیاحت کیلئے بڑی تعداد میں مختلف ممالک کا رخ کرتے ہیں جن کیلئے پاکستان ایک منفرد مقام ہو سکتا ہے، اس کیلئے ٹور پیکجز ترتیب دینے اور ٹورآپریٹرز کے مابین تعاون بہت ضروری ہے، پاکستان کے ٹور آپریٹرز اور قومی سیاحتی ادارے اگر اپنے سیاحتی مقامات کی بذریعہ موبائل ایپس، فرانسیسی زبان اور سوشل میڈیا ترویج کریں تو فرانس سے سیاحوں کی بڑی تعداد پاکستان کا رخ کر سکتی ہے۔

گروپ کے دیگر ممبران میں ڈینس گھمبون، فرانسس پاولا، لائیونل پاویل، یاؤ کیکشن، ویلنٹین ارورے، سولیین میری، یان فرانسس کرسٹین، میری اینک، ایسیا سماٹی اور جوڈتھ ہیلین شامل ہیں۔ بریفنگ کے بعد وفد کو راولپنڈی اور اسلام آبادکے نمایاں سیاحتی مقامات کی سیر کرائی گئی۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں