صابرہ بی بی قتل کیس کا فیصلہ،ایک ملزم کو سزائے موت ،تین ملزمان کو عمر قید کی سزا

منگل 25 ستمبر 2018 22:28

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2018ء) ایڈیشنل سیشن جج گلزار احمد خالد نے صابرہ بی بی قتل کیس کافیصلہ سناتے ہوئے مرکزی ملزم عرفان عرف نکو کو سزائے موت اور پانچ لاکھ جرمانہ کی سزا جبکہ تین ملزمان رمضان، وحید اور انوار کو عمر قید کی سزا سنا دی ہے۔منگل کو عدالت نے تاجی کھوکھر اور اس کے دوبیٹوں سمیت مقدمہ میں شامل دیگر اٹھارہ ملزمان پر جرم ثابت نہ ہونے پر بری کر دیا ہے ۔

استغاثہ تاجی کھوکھر اور اس کے دوبیٹوں سمیت مقدمہ میں شامل دیگر اٹھارہ ملزمان پر جرم ثابت نہیں کرسکا۔فیصلہ کے موقع پر اڈیالہ جیل میں لگائی گئی خصوصی عدالت میں تمام ملزمان موجود تھے، ملزمان پر الزام تھا کہ صابرہ بی بی کو سترہ اگست دو ہزار بارہ کو پلاٹ کے تنازع پر عدالتی کمیشن کے سامنے فائرنگ کی گئی،فائرنگ کے نتیجے میں مدعی مقدمہ راجہ یعقوب کی اہلیہ صابرہ بی بی موقع پر دم توڑ گئی،مقدمہ تھانہ ایرپورٹ پولیس نے قتل انسداد دہشت گردی ایکٹ اور دیگر دفعات کے تحت امتیاز عرف تاجی کھوکھر وغیرہ کے خلاف درج کیا تھا،ملزمان کی جانب سے سیون اے ٹی اے کو چیلنج کیا گیا جس کے بعد سیون اے ٹی اے مقدمہ سے حزف کردی گئی،مقدمہ سماعت کے لیے سیشن کورٹ منتقل ہوا مقدمہ کی حساسیت کے پیش نظر صوبائی وزارت داخلہ نے جیل ٹرائل کی منظوری دی۔

(جاری ہے)

مقدمہ کی تحقیقات کے دوران ڈی ایس پی طارق محبوب دو ایس ایچ او افضال شاہ اور عزیز اسلم نیازی اور سب انسپکٹر عصمت سمیت دو دیگر پولیس اہلکار بھی ملزم ٹھہرائے گئے ہیں۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں