مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلئے ٹھوس لائحہ عمل مرتب کیا جائے ،یک آواز ہو کر بھارت کو سیاسی و سفارتی محاذوں پر پسپا کیا جائے ، مشتاق منہاس

بھارت کا وزیراعظم خود مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ میں لے کر گیا اب بھارت خود اپنے وعدوں سے مسلسل مکر رہا ہے، وزیر اطلاعات آزاد کشمیر

بدھ 26 ستمبر 2018 18:33

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2018ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات،آئی ٹی و سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلئے ایسا ٹھوس لائحہ عمل مرتب کیا جائے جس کے ذریعے یک آواز ہو کر بھارت کو سیاسی اور سفارتی محاذوں پر پسپا کر دیا جائے۔بھارت کا وزیراعظم خود مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ میں لے کر گیا اب بھارت خود اپنے وعدوں سے مسلسل مکر رہا ہے۔

بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں ،کشمیریوں کا سیاسی اور معاشی استحصال ایسے جرائم ہیں جن پر عالمی برادری کو توجہ دے کر بھارت پر دباو بڑھانا چاہیے۔وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار ایک انٹرویو میں کیا۔راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا کہ کشمیریوں نے اپنا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ کر رکھا ہے اور اس کی بنیاد انتہائی مضبوط و مستحکم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ الحاق مسئلہ کشمیر کا یک نکاتی نظریہ ہے جس کی تکمیل کے لئے عسکری،سیاسی اور سفارتی میدان میں کشمیری عوام کی جدوجہد جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے لئے پاکستان وہ واحد آپشن ہے جس کے لئے انہوں نے ایسی لازوال قربانیاں دی ہیں جن کی دنیا کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا تحریک آزادی کشمیر کی بے مثال جدوجہد میں جن ماؤں نے اپنے بیٹے،جن بہنوں نے اپنے بھائی اور جن سہاگنوں نے اپنے سہاگ قربان کئے ہیں انہیں سلام عقیدت پیش کرتے ہوے ہم ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے واضح کیا تحریک آزادی کیلئے بہایا جانے والا مقدس لہو کبھی رائیگاں نہیں جائے گا اور کشمیری بھارت سے آزادی ہر صورت لے کر رہیں گے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں