شہر و کینٹ میں انسداد تجاوزات آپریشن ، 300سے زائدپختہ و عارضی تجاوزات مسمار

بدھ 17 اکتوبر 2018 22:59

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) عدالتی احکامات پرشہر و کینٹ میں انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران 300سے زائدپختہ و عارضی تجاوزات مسمار کر دی گئیں ۔میونسپل کارپوریشن راولپنڈی نے موتی بازار میں کارروائی کے دوران 20شیڈ مسمار کر کے ایک ٹرک سامان ضبط کیا گیا جبکہ اسی طرح ڈھوک الہی بخش میں آپریشن کے دوران 22شیڈ مسمار کیے گئے ۔

ذرائع نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایاکہ اس موقع پر انسداد تجاوزات ٹیموں کے ہمراہ ٹریفک پولیس اور راولپنڈی پولیس کی نفری بھی موجود تھی ۔دوسری جانب آر ڈی اے نے ملت کالونی اور سٹی صدر پر غیر قانونی تھڑوں کو مسمار کیا جبکہ چیئرمین آر ڈی اے عارف عباسی مختلف علاقوں میں جا کر تاجروں سے ملے اور انہیں غیر قانونی تجاوزات ختم کرنے کی اپیل کی ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ نے بھی سٹی ٹریفک پولیس اور ضلعی پولیس کے ہمراہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران ٹاہلی موہری چوک ،ڈھیری چوک اور غوثیہ چوک کے علاقوں کے تجارتی مراکز میں 250سے زائد پکی تجاوزات مسمار کر دیں ،دوکان کے شڑ کے باہر بنائے گئے ٹھیے ،ریڑھیاں اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا گیا ۔ذرائع نے بتایاکہ دوسرے مرحلے میں سرکاری زمینوں پر غیر قانونی قابضین کے کارروائی کے لئے بھی حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے۔

چکلالہ کینٹ کے حکام نے اے پی پی کو بتایاکہ آپریشن سے قبل نوٹسز کے اجراء پر 20سے 30فیصد دوکانداروں نے رضا کارانہ طور پر تجاوزات از خود ختم کردی تھیں ۔ دریں اثناء راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے تجاوزات کے خاتمے کے لیے صدر ،ٹنچ بازار ،مصریال روڈ سمیت دیگر علاقوں میں انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران درجنوں شیڈ ،جنگلے اور غیر قانونی تھڑے مسمار کرنے سمیت تجاوز کنندگان کا 4ٹرک سامان ضبط کر لیا ۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں