روالپنڈی ،حکومت پنجاب موثر پلاننگ کے تحت شہریوں کے تمام مسائل حل کرے گی ، راجہ راشد حفیظ

ٹریفک رش سے نجات دلانے کیلئے رنگ روڈ منصوبے سمیت دیگر ممکنہ منصوبے بھی زیر عمل لائیں جائیں گے، عوام مخالفین کے بے بنیاد پروپیگنڈے پر کان نہ دھریں ،صوبائی وزیرخواندگی و غیر رسمی تعلیم

جمعہ 19 اکتوبر 2018 20:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اکتوبر2018ء) پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب موثر پلاننگ کے تحت شہریوں کے تمام مسائل حل کرے گی ․ خود انحصاری کے راستے میں حائل کرپشن کا خاتمہ وقتی مسائل ضرور پیدا کر رہا ہے مگر اس کے دور رس نتائج بہت جلد عوام تک پہنچیں گے ․ راولپنڈی کے شہریوں کو ٹریفک رش سے نجات دلانے کیلئے رنگ روڈ منصوبے سمیت دیگر ممکنہ منصوبے بھی زیر عمل لائیں جائیں گے ․ نئے بلدیاتی نظام میں عوام کو خود با اختیار بنا کر انہیں ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ حقیقی معنوں میں شریک اقتدار کیا جا رہا ہے ․ ان خیالات کا اظہار انہوں نے معززین کے مختلف وفود سے اپنے دفتر سید پور روڈ میں بات چیت کرتے ہوئے کیا ․ انہو ںنے کہا کہ پنجاب میں ہماری حکومت نے پہلی مرتبہ حقیقت پسندانہ بجٹ پیش کیا ہے جو صحیح معنوں میں بہترین بجٹ ہے ․ انہو ںنے کہا کہ ہم سب سے زیادہ زور تعلیم پر دے رہے ہیں کیونکہ قوم کی کامیابی کی پہلی سیڑھی تعلیم ہی ہے ․ اس کے ساتھ ساتھ عوام کو صحت کی بہترین معیاری سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائیگی جبکہ بنیادی ضروریات سے متعلق دیگر مسائل اور جرائم پر قابو پانے کیلئے بھی متعدد تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے ․ انہو ںنے کہا کہ عوام مخالفین کے بے بنیاد پروپیگنڈے پر کان نہ دھریں اور اپنی حکومت کے ہاتھ مضبوط بنائیں جو ملک کی تعمیر نو اور ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے میں لگی ہوئی ہے ․ دریں اثناء راجہ راشد حفیظ نے این اے 60 کے ضمنی الیکشن میں کامیابی پر شیخ راشد شفیق کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عوام نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ اسے پورا کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں