پی ایف اے کا ملاوٹ مافیا کے خلاف آپریشن،غیر معیاری انتظامات پر آئل ڈیلر،2فش پوائنٹس اور گودام سیل

منگل 13 نومبر 2018 23:46

راولپنڈی 13 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2018ء) ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کی سر براہی میں راولپنڈی اور گردونواح میں ملاوٹ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا گیا۔ ناقص آئل،زائدالمعیاد اشیاء کی فروخت اور صفائی کے غیر معیاری انتظامات پر آئل ڈیلر،2فش پوائنٹس اور گودام کو سیل کر دیا گیا ہے۔پی ایف اے ترجمان کے مطابق منگل کے روز فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ویجیلنس سیل کی اطلاع پر مری روڈ پر واقع بے نامی گودام سے بھاری مقدار میں زائد المعیاد اشیائے خورونوش برآمدکر لیں۔

برآمد شدہ ایکسپائر فلیورز اور سنیکس کی مدت استعمال بدل کر مارکیٹ میں دوبارہ فروخت کیلئے سپلائی کیا جا ناتھا۔کارروائی کے دوران 39 لاکھ 60 ہزار کولا فلیور ساشے، 23328 پیکٹس زائدالمعیاد سنیکس پیکٹ برآمد کیے گئے، ویجیلنس سیل نے سپلائی چین کی ریکی کر کے کمپنی کا سراغ لگایا۔

(جاری ہے)

راول ٹاؤن میں واقع عابد آئل ڈیلر کو سابقہ دی گئی ہدایات پر عمل نہ کر نے ، استعمال شدہ آئل کی تلفی کے ریکارڈ کی عدم دستیابی اور سٹوریج کے ناقص انتظامات پرسر بمہر کر دیا گیا۔

علاوہ ازیںمچھلی مارکیٹ کی دوبارہ چیکنگ کے دوران باسی مچھلی،ناقص آئل کے استعمال ، گندے اور بد بودار ماحول کی بناء پر معروف ماما جی فش اور سائیں جی فش پوائنٹس کو سیل کیا گیا۔ مزید برآں 2فش پوائنٹس اور بیکری کو حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر جر مانے عائد کیے گئے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ استعمال شدہ آئل تلف نہ کیا جائے تو صاف کر کے دوبارہ پیک بھی کیا جا سکتا ہے جو متعدد بیماریوں کا باعث بنتا ہے۔ کیپٹن (ر)محمد عثمان نے واضح کیا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین کی بار بار خلاف ورزی کرنیوالے یونٹس کا لائسنس منسوخ کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں