آر ڈی اے کا مری روڈ پر کثیر المنزلہ کمرشل پلازہ کی تعمیرکا فیصلہ

ہفتہ 17 نومبر 2018 18:59

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2018ء) راولپنڈی کے ترقیاتی ادارے (آر ڈی اے )نے مری روڈ پر کثیر المنزلہ کمرشل پلازہ تعمیر کرنے کا فیصلہ کر لیا،پلازہ مری روڈ پر لیاقت باغ کے قریب 13کنال اراضی پر نجی شعبے کے اشتراک سے بنایا جائے گا، کمرشل پلازے کے پہلے دو فلورز پر آر ڈی اے اور واسا کے دفاترکا قیام ، دیگر فلورز ملٹی نیشنل کمپنیز کو کرائے پر دینے کا فیصلہ کیا گیا ۔

ان خیالات کا اظہار چیئرمین آر ڈی اے عارف عباسی نے قومی خبر ایجنسی کودیئے گئے ایک انٹرویو میں کیا ۔انہوں نے کہ کمرشل پلازے کی تعمیر کے منصوبے پر پیش رفت کے لیے 5رکنی کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے ۔انہوںنے بتایاکہ نجی شعبے کے اشتراک سے کمرشل پلازہ کی تعمیر کے حوالے سے پنجاب حکومت پر کسی قسم کا بوجھ نہیں ڈالا جائے گا اور صوبائی حکومت سے پلازے کی تعمیر کے لیے مالی معاونت نہیں لی جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ شہر میں پارکنگ کی ناکافی سہولیات کے خاتمے کے لیی(آر ڈی اے )شہر کے مختلف مقامات پر جدید طرز کے 10 کثیر المنزلہ پارکنگ ٹاورز بھی تعمیر کرے گا ۔عارف عباسی نے کہاکہ شہریوں کو درپیش اس دیرینہ مسئلے کے حل کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت شہر میں کثیر المنزلہ پارکنگ ٹاورز تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کے بعد جگہوں کی نشاندہی بھی کر لی گئی ہے۔

یہ پارکنگ ٹاورز جیل روڈ لاہور پر بنائے گئے پارکنگ ٹاورز کی طرز پر شہرکی مصروف شاہراہوں پر بنائے جائیں گے ۔انہوں نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ یہ پارکنگ ٹاورز راجہ بازار ،کمرشل مارکیٹ ،کمیٹی چوک ،کالج روڈ ، سید پور روڈ ،مریڑ چوک ،اقبال روڈ اور سرکلر روڈ پر بنائے جائیں گے ۔عارف عباسی نے بتایاکہ پارکنگ ٹاورز کی تعمیر کے لیے آر ڈی اے حکام نے مقامات کی نشاندہی کر دی ہے ۔

انہوں نے بتایاکہ اس ضمن میں اچھی شہرت کی حامل فرمز اور سرمایہ کاروں سے مذاکرات بھی شروع کر دیے گئے ہیں اور ہماری کوشش ہو گی کہ اس منصوبے پر جس قدر جلد ممکن ہو سکے کام کا آغاز کر دیا جائے گا ۔ایک سوال کے جواب میں چیئرمین آر ڈی اے عارف عباسی نے اس ایجنسی کو بتایاکہ پارکنگ ٹاورز تعمیر کرنے والے سرمایہ کاروں کو 10برس تک پارکنگ فیس کی وصولی کی پیشکش کی جائے گی جبکہ آر ڈی اے پارکنگ فیس کا صرف 10سے 15فی صد وصول کرے گا ۔انہوں نے بتایا کہ دس برس کے بعد یہ پارکنگ ٹاورز از خود آر ڈی اے کی تحویل میں آجائیں گے جبکہ زمین بدستور حکومتی ملکیت رہے گی ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں