راولپنڈی پولیس نے عید میلاد النبی کا سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا

ضابطہ اخلاق کے مطابق جلوس میں بڑی گاڑیوں کے داخلے اور میوزیکل آلات کی پابندی پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائیگا

پیر 19 نومبر 2018 22:34

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2018ء) راولپنڈی پولیس نے عید میلاد النبی کا سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا۔ سکیورٹی پروگرام کے مطابق راولپنڈی پولیس کے تقریبا 04ہزار افسران و ملازمین ڈیوٹی سر انجام دیں گے ۔ضابطہ اخلاق کے مطابق جلوس میں بڑی گاڑیوں کے داخلے اور میوزیکل آلات کی پابندی پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی عباس احسن کی خصوصی ہدایات پر راولپنڈی پولیس نے 12ربیع الاول عید میلاد النبی کے لئے سیکورٹی پروگرام تشکیل دے دیا ہے۔سیکورٹی پروگرام کے مطابق راولپنڈی پولیس کے تقریبا04 ہزار افسران و ملازمان ڈیوٹی سر انجام دیں گے ۔ جس میں مرکزی جلوس کے لئے 02ہزار افسران و ملازمان ڈیوٹی سر انجام دیں گے ۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ایلیٹ فورس ، سپیشل برانچ ، لیڈیز پولیس بھی ڈیوٹی سر انجام دیں گے ۔

مرکزی جلوس کے روٹ کی سپیشل برانچ اور بم ڈسپوزل سکواڈ کے ذریعے سرچنگ کرائی جائے گی ۔جلوس کے روٹ پر کسی مشکوک گاڑی ، موٹر سائیکل ، ریڑھی اور کسی شخص کو کھڑا نہ ہونے دیا جائے گا ۔کسی بھی شخص کو چھت پر کھڑا ہونے کی اجازت نہ ہو گی۔ جلوس میں داخل ہونے والی گاڑیوں کو مکمل چیک کرنے کے بعد داخلے کی اجازت دی جائے گی۔حکومت کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔

ضابطہ اخلاق کے مطابق جلوس میں بڑی گاڑیوں کے داخلے اور میوزیکل آلات کی پابندی پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔ مرکزی جلوس میں داخلے کیلئے گاڑیوں اور دیگر چھوٹے جلوسوں کو صرف مختص کردہ داخلہ مقامات سے شامل ہونے دیا جائے گا۔ضلع کے داخلی و خارجی راستوں پر موجود ناکہ بندی پوائنٹس پر سخت چیکنگ کی جائے گی ۔مرکزی جلوس میں آنے والے تمام چھوٹے راستوں کو بلاک کر کے جلوس میں داخل ہونے والے اشخاص کی جسمانی تلاشی کے بعد داخلے کی اجازت دی جائے گی ۔

کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پولیس لائن ہیڈ کو ارٹرز میں پولیس کی اضافی نفری ہمہ وقت تیار رہے گی ۔راولپنڈی پولیس تمام ممکنہ وسائل کو برئو ے کار لا کر عید میلاد النبی کے پروگرام کو ہمیشہ کی طرح فول پروف سیکورٹی فراہم کرے گی

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں