شدید بارش سے راولپنڈی شہر و کینٹ کی متعدد سڑکیں و گلیاں تالاب بن گئیں

عمار شہید فیڈر میں فنی خرابی کے باعث متعدد علاقوں میں 11گھنٹے بجلی بند رہی

پیر 10 دسمبر 2018 17:21

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) راولپنڈی میں رات گئے ہونے والی شدید بارش سے شہر و کینٹ کی متعدد سڑکیں اور گلیاں تالاب بن گئیں جبکہ عمار شہید فیڈر کی بندش کے باعث 11گھنٹوں سے زائد بجلی بند رہی ۔شہریوں نے اے پی پی کو بتایاکہ پیر کو علی الصبح شدید بارش کے باعث کچہری چوک جناح پارک کے قریب سڑک پر پانی جمع ہو گیا اور گاڑیوں کو گزرنے میں شدید دقت پیش آئی،اسی طرح عمار چوک ریلوے پل کے نیچے بھی بڑی مقدار میں پانی کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اس کے علاوہ مری روڈ پر کمیٹی چوک انڈر پاس میں بھی پانی جمع ہونے کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد رفت بند رہی ۔

انھوں نے بتایاکہ رات گئے ہونے والی شدید بارش کے باعث جاوید کالونی ،چوہدری ولایت روڈ ،طہماسپ آباد اور نالہ لئی کے ارد گرد واقع نشیبی علاقوں کی گلیاں جوہڑ بن گئیں اور شہری ممکنہ سیلابی صورتحال کے خوف میں مبتلا رہے ۔

(جاری ہے)

دستیاب معلومات کے مطابق بارش کے بعد راولپنڈی و چکلالہ کینٹ کے متعدد علاقے بشمول گلستان کالونی ، ہارلے سٹریٹ ، ٹاہلی موہری ،ٹینچ بھاٹہ ،ڈھوک سیداں ، فیصل کالونی اور مصریال میں بارشی پانی بہنے لگا ۔

شہریوں نے بتایاکہ نکاسی آب کے ناقص انتظامات کی وجہ سے ہارلے سٹریٹ ،22 نمبر چونگی اور محمد خان روڈ سمیت دیگر کئی علاقوں میں ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہو گئی اور لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔بارش کے ساتھ ہی کیپٹن عمار حسین شہید فیڈر میں فنی خرابی کے باعث ویسٹریج ڈویژن اورکمال آباد پارک سب ڈویژن سمیت دیگر علاقے تاریکی میں ڈوب گئے ۔اس ضمن میں سب ڈویژن آفس سے حاصل معلومات کے مطابق بارش کی وجہ سے پورے فیڈر میں بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی جو کہ پیر کو دن گیارہ بجے بحال ہوسکی ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں