راولپنڈی‘ہائوسنگ سکیم میں تیارفلیٹس کا جھانسہ دے کر شینز گروپ نے صارفین کی بھاری رقم ضبط کرلی ‘ پانچ کروڑ ہرجانہ کا لیگل نوٹس جاری

بدھ 12 دسمبر 2018 14:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2018ء) ہائوسنگ سکیم میں تیارفلیٹس کا جھانسہ دے کر شینز گروپ نے صارفین کی بھاری رقم ضبط کرلی پانچ کروڑ ہرجانہ کا لیگل نوٹس جاری۔ صارف مشید احمد نے ڈسٹرکٹ کنزیومر پروٹیکشن کونسل راولپنڈی کوقانونی راہنمائی کے لیے درخواست دیتے ہوئے مئوقف اختیار کیا کہ عسکری رئیل اسٹیٹ اور شینز گروپ کے درمیان جنوری 2018میں ایک ایم او یو پر دستخط ہوئے تھے اور مشترکہ تقریب منعقد کی گئی تھی جس کے تحت دونوں کمپنیوں نے مل کر ہائوسنگ سکیم میں فلیٹس بنا کر فروخت کرنے تھے جس کی تمام تر تفصیلات قومی اخبارات میں شائع ہو چکی ہیں لیکن شینز گروپ نے صارفین سے بھاری رقم وصول کرنے کے باوجود شہریوں کو فلیٹس بنا کر نہیں دیے صارف مشید احمد نے فلیٹ کے لیے مبلغ دس لاکھ نوے ہزار چار سو روپے شینز گروپ کو جمع کروائے لیکن فلیٹ نہیں دیا گیا ۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ میں صارف مشید احمد نے چیئر مین مشید گروپ چوہدری سجاد حسین سے بھی رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن انہوں نے شینز گروپ کا دفتر بند کر دیا ہے صارف نے جب فریق دوم ظہیر الدین بابر سی ای او عسکری رئیل اسٹیٹ سے رابطہ کیا اور انہیں بتایا کہ آپ نے شینز گروپ کے ساتھ ایم او یو کیا ہے اورآپ کی وجہ سے شہریوں کو شینز گروپ پر اعتماد ہوا ہے تو سی ای او نے کہا کہ وہ کمپنی بھاگ گئی ہے اب ہم کیا کر سکتے ہیں جس پر صارف نے قانونی کاروائی کرتے ہوئے دونوں فریقین کو مبلغ پانچ کروڑ روپے ہرجانہ کا لیگل نوٹس جاری کرتے ہوئے دونوں کو پندرہ دن کے اندر اندر صارف کی داد رسی کا پابند کیا ہے صارف نے بتایا کہ اس جیسے کئی شہریوں کی رقم شینز گروپ نے ضبط کی ہوئی ہے -

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں