ضلع بھر میں منشیات فروشی کے اڈوں اورسمگلروں کوہدف بنا کر کامیابی حاصل کی ہے، سٹی پولیس آفیسر

جمعرات 13 دسمبر 2018 20:05

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) سٹی پولیس آفیسر(سی پی او)عباس احسن نے کہاہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کاروائی کی جارہی ہے ،ضلع بھر میں منشیات فروشی کے اڈوں اورسمگلروں کوہدف بنا کر کامیابی حاصل کی ہے۔سکولوں اور کالجز میں منشیات فروخت کرنے والے افراد کا گرفتار کر کے تمام تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک کرد یا گیا ہے جس کی رپورٹ سپریم کورٹ کے بھجوا دی گئی ہے۔

ایک سال کے دوران منشیات فروشوں کے خلاف چودہ سو سے زائد مقدمات درج ہوئے جس دوران622کلو گرام چرس،32 کلو گرام ہیروئن اور بھاری مقدار میں شرآب بر آمد کی گئی جسے تلف کیا گیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز راولپنڈی پولیس کی جانب سے منشیات تلفی کے حوالے سے منعقد ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گلزار خالد،ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹر عمر جہانگیر،چیف ٹریفک آفیسر محمد بن اشرف ،ایس ایس پی آپریشنز اور ضلعی پولیس کے دیگر اعلیٰ افسران و ملازمین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

سی پی او عباس احسن کا کہنا تھا کہ منشیات فروشوں کے خلاف مہم کے تحت کارروائی کی جارہی ہے جس میں بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے ،انہوں نے بتایا ہے کہ ایک سال کے دوران منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی میں ایک ہزارچار سو دو مقدمات درج ہوئے جن میں نائن بی کے 687،نائن سی کی341،اور 3/4حد کے 383مقدمات رجسٹر ہوئے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گلزار خالد نے کہاہے کہ عوام میں ایک تاثر پایا جاتا تھا کہ پولیس خود منشیات ڈال کر مقدمہ درج کر لیتی ہے منشیات تلف کرنے سے ایسی منفی سوچ کو ختم کرنے میں مدد ملے گی ، انہوں نے پولیس کی جانب سے منشیات فروشوں کے خلاف کاروائی کو سراہا۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمر جہانگیر نے کہاکہ راولپنڈی کے نجی سکولوں اور کالجوں میں منشیات فروخت کی جاتی تھی جس سے ہماری آنے والی نسل نشہ میں مبتلا ہورہی تھی ضلعی پولیس نے تعلیمی اداروں سے منشیات فروشی اور اس کااستعمال ختم کر کے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔انہوں نے کہاہے کہ منشیات کی روک تھام کے لئے میڈیا کا اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف ٹریفک آفیسر محمد بن اشرف نے کہاہے کہ راولپنڈی میں منشیات کاجڑ سے خاتمہ کریں گے،تعلیمی اداروں میں منشیات فروخت کرنے والے 1200سے قریب ملزمان کے خلاف مقدمات درج ہوئے جوکہ گذشتہ سال کی نسبت گیارہ فیصد زیادہ ہے۔انہوں نے بتایا ہے کہ ضلعی پولیس کی جانب سے ہرسال منشیات تلفی کا دن منایا جائے گا۔تقریب کے اختتام پر پولیس کی جانب سی622کلوگرام چرس،32کلو گرام ہیروئن،404 شراب کی بوتلیں،1214لیٹر کھلی شراب کے 26کین اور1646کپیاں بلڈورزر کے ذریعے تلف کی گئیں۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں