ضلعی تحفظ صارف کونسل نے شہری کی درخواست پر نجی گروپ کو 5کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس جاری کردیا

جمعرات 13 دسمبر 2018 20:16

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) ضلعی تحفظ صارف کونسل نے رہائشی سکیم میں تیار فلیٹس کے نام پر مبینہ طور پر رقوم ہتھیانے پر نجی گروپ ’’شنز ‘‘کو5کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس جاری کر دیا ۔فوکل پرسن تحفظ صارف کونسل ادریس رندھاوا نے اے پی پی کو بتایاکہ مشید احمد نامی ایک صارف نے ڈسٹرکٹ کنزیومر پروٹیکشن کونسل راولپنڈی کوقانونی راہنمائی کے لیے درخواست دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ عسکری ریئل اسٹیٹ اور شنز گروپ کے درمیان جنوری 2018 ء میں ایک ایم او یو پر دستخط ہوئے جس کے تحت دونوں اداروں نے مل کر ہائوسنگ سکیم میں فلیٹس بنا کر فروخت کرنا تھے تاہم شنز گروپ نے صارفین سے بھاری رقم وصول کرنے کے باوجود شہریوں کوتاحال فلیٹس بنا کر نہیں دیے ۔

صارف مشید احمد نے اپنی درخواست میں آگاہ کیاکہ فلیٹ کے لیے مبلغ 10 لاکھ 90 ہزار 4 سو روپے شنز گروپ کو جمع کروائے گئے لیکن فلیٹ نہیں دیا گیا ۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ میں صارف مشید احمد نے چیئر مین شنز گروپ چوہدری سجاد حسین سے بھی رابطہ کی کوشش کی لیکن شنز گروپ کا دفتر بند ہے ۔ صارف نے جب فریق دوم ظہیر الدین بابر سی ای او عسکری ریئل اسٹیٹ سے رابطہ کیا اور انہیں بتایا کہ آپ نے شنز گروپ کے ساتھ ایم او یو کیا تھا اورآپ کی وجہ سے شہریوں کو شنز گروپ پر اعتماد ہوا ہے تو سی ای او نے کہا کہ وہ کمپنی بھاگ گئی ہے اب ہم کیا کر سکتے ہیں جس پر صارف نے قانونی کارروائی کرتے ہوئے دونوں فریقین کو مبلغ پانچ کروڑ روپے ہرجانہ کا لیگل نوٹس جاری کرتے ہوئے دونوں کو پندرہ دن کے اندر اندر صارف کی داد رسی کا پابندکیا ہے۔

صارف نے بتایا کہ دیگرکئی شہریوں کی رقم شنز گروپ نے ضبط کی ہوئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں