راولپنڈی ،پاکستان میں تمام اقلیتوںکی مذہبی آزادی کے ضامن خود قائد اعظم محمد علی جناح تھے، راجہ راشد حفیظ

جمعرات 13 دسمبر 2018 23:07

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 دسمبر2018ء) پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ پاکستان میں تمام اقلیتوںکی مذہبی آزادی کے ضامن خود بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح تھے اور اقلیتوںکو شروع دن سے ایسی مذہبی آزادی حاصل ہے جو دنیا کے کسی اور ملک میں ان کو حاصل نہیں ․اقلیتوں کی مذہبی آزادی کے ضامن بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح سے لے کر آج تک کسی بھی حکمران ، حکومت یا عوام نے اقلیتوں کے ساتھ ان کی مذہبی وابستگی کے باعث کوئی تخصیص نہیں برتی بلکہ ترقی کے قومی دھارے میں تمام اقلیتوں سمیت پوری پاکستانی قوم یک جان و یک زبان ہے ․ امریکی حکام اس حوالے سے اپنا ریکارڈ درست رکھیں اور اگر انہیں اقلیتوں کے ساتھ ہمدردی ہے توپاکستان کے پڑوس بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ہونے والے بدترین سلوک پر توجہ دیں ․ یہ بات انہوں نے اپنے ایک خصوصی بیان میں کہی ․ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ قومی سیاست سے لے کر نچلی سطح تک ہر شعبہ زندگی میں پاکستان کی اقلیتیں مسلم عوام کے ساتھ برابر کے شہری حقوق سے بھر پور استفادہ اٹھا رہی ہیں ․ اس حوالے سے امریکہ کی جانب سے حقائق کے برعکس اٹھایا جانے والا قدم پوری دنیا کیلئے باعث حیرت ہے ․ انہوں نے کہا کہ اگر امریکہ کو اقلیتوں کے ساتھ اتنی ہی ہمدردی ہے تو اس نے بھارت کی جانب سے اپنی آنکھیں کیوں موندھ رکھی ہیں جہاں اقلیتوں بالخصوص مسلم اقلیت کو اپنی مرضی سے سانس تک لینے کی اجازت نہیں ہے ․ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے مذہبی آزادی کے نام پر در اصل پاکستان کو نہیں بلکہ اپنی جمہوریت اور ساکھ کو بلیک لسٹ میں ڈالا ہے جس پر پوری دنیا حیران ہو رہی ہے ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں