تمام گرجاگھروں میں یکم جنوری 2019کو ’’ امن اور امید ‘‘کے نئے سال کی خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی‘ آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد

جمعہ 14 دسمبر 2018 21:13

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2018ء) مسیحی برادری سال نو کو ’’امن اور امید ‘‘ کے سال کے طور پر منائے گی،تمام گرجاگھروں میں یکم جنوری 2019کو ’’ امن اور امید ‘‘کے نئے سال کی خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی ۔یہ اعلان مسیحی روحانی پیشواء آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے ایک مسیحی روحانی اجتماع کے موقع پر کیا۔ مسیحی روحانی پیشواء آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے کہاکہ کیتھولک بشپس کانفرنس نے سال 2018 کوپاکستان میں ’’پاک یوخرست‘‘ کا سال قرار دیا تھا، اسلام آباد راولپنڈی ڈائیوسیس میں’’ پاک یوخرست ‘‘ کا سال باضابطہ طور پر یکم دسمبر2018کو ختم ہوا۔

بشپ ہاؤس راولپنڈی سے جاری کردہ اعلامیہ میں آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد کا کہنا ہے کہ اگر ہم موجودہ دور کا جائزہ لیں تو پوری دنیا اس وقت افراتفری ،بے چینی اور کشمش کا شکار ہے ۔

(جاری ہے)

ہر طرف جنگ و جدل ،لڑائی جھگڑا ، اقتدار اور طاقت کو پانے کی ہوس ہے۔ بے روز گاری اور مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ دُنیا کی ریاستیں معاشی بحران کا بدترین سامنا کر رہی ہیں۔

طاقتور طبقہ عام انسانوں کے حقوق پامال کر رہا ہے۔ عام انسان کا آزادی کے ساتھ جینا محال ہو چکا ہے۔ ایسے حالات میں صرف امن اور امید ہی وہ راستہ ہے جس پر چل کر ہم متحد ہو سکتے ہیں اور ایک کامیاب اور خوشحال زندگی گزار سکتے ہیں۔ اس تناظر میںآرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے اسلام آباد / راولپنڈی ڈایوسیس میں سال 2019 کو ’’ اًمن اور اُمید ‘‘ کا سال منانے کا اعلان کیا جوکہ یکم جنوری 2019 سے شروع ہو گا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں