شہدائے اے پی ایس کی عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں

کمیونٹی ویلفیئر انیشیٹوز کے زیراہتمام سانحہ اے پی ایس کی یاد میںتقریب سے مقررین کا خطاب

اتوار 16 دسمبر 2018 21:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2018ء) اسٹیشن کمانڈر راولپنڈی بریگیڈیر شہزاد تنویر نے کہا ہے کہ اے پی ایس پشاور کے بہادر بچوں نے دہشت گردی کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر ملک و قوم کا مستقبل محفو ظ کرنے کے لئے جس طرح اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا پاکستان کے عوام اسے کبھی فراموش نہیں کر سکیں گے۔ انہوںنے کہا کہ اس سانحے کے بعد قوم ایک نقطے پر متحد ہوئی اوربہادر افواج پاکستان ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں نے سینہ سپرہوکر دہشت گردی کے عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی درخشاں مثال قائم کی ہے۔

انہوںنے یہ بات راولپنڈی آرٹس کونسل کے آڈیٹوریم میں کمیونٹی ویلفیئر انیشیٹوز( سی ڈبلیو آئی) کے زیراہتمام سانحہ آرمی پبلک سکول کی یاد میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں اراکین پارلیمنٹ شیخ راشد شفیق ایم این اے، چیئرمین راولپنڈی ڈیویلپمنٹ اتھارٹی محمد عارف عباسی، چیئرمین پی ایچ اے آصف محمود، اے پی ایس پشاور کے طالب علم عبداللہ ،اعلی فوجی و سول حکام‘ سول سوسائٹی کے نمائندوں، والدین طلباء و طالبات اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ۔

بریگیڈیر شہزاد تنویر نے کہاکہ 16 دسمبر کو سکوت ڈھاکہ کے افسوسنا ک سانحہ کے بعد آرمی پبلک سکول کے سانحے نے جو قوم کو زخم دیئے اس کے بعد افواج پاکستان نے ملک کو ہر قسم کی دہشت گردی سے پاک کرنے کے لئے ایک نئے عزم و استقلال کے ساتھ آپریشن شروع کیا اور ففتھ جنریشن وار کو ناکام بنایا۔ رکن قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 16 دسمبرپاکستان کی تاریخ میں وہ یادگار دن ہے جسے اے پی ایس پشاور کے بچوں کی قربانیوں کی وجہ سے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

انہوںنے کہاکہ ہم دکھی ضرور ہیں لیکن اے پی ایس کے بچوں نے دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ ہم ایک زندہ قوم ہیں جس کے سپہ سالار کی قیادت میں پاک فوج نے دہشت گردوں کو قلع قمع کرکے ملک کا امن بحال کیا۔ انہوں نے کہا کہ قیام امن کا تمام کریڈٹ پاک فوج کو جاتا ہے جس نے ملک کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لئے بے مثال قربانیاں پیش کیں۔ کمیونٹی ویلفیئر انیشیٹوز(CWI) کی سربراہ یاسمین فاروقی نے کہا کہ 16 دسمبر کو دہشت گردوں نے پاکستان کے دل پر حملہ کیا جس نے پوری قوم کو خون کے آنسو رولایا اور اس جنگ میں ہمارے بچوں نے جام شہادت نوش کرکے عظیم قربانی کی داستان رقم کی جس کے نتیجے میں ملک میں امن قائم ہوا۔

انہوںنے اس سلسلے میں افواج پاکستان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ ڈاکٹر زویا نے اپنے خطاب میں آرمی پبلک سکول پشاور میں دہشت گردی کے المناک سانحے کو یاد کرتے ہوئے شہید بچوں کے والدین کی حوصلے کو سراہا جن کے جگر گوشوں نے ملک وقوم کیلئے عظیم قربانی دے کر اپنا نام قومی تاریخ میں ہمیشہ کے لئے امر کردیا۔ مقامی سکولوں کے بچوں نے اس موقع پر اے پی ایس کے سانحے کے متعلق سکولوں کے طلباء و طالبات نے تقاریرکے علاوہ ٹیبلوز پیش کرکے اے پی ایس پشاور کے بچوں کی عظمت کو سلام پیش کیا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں