راولپنڈی میں بے گھر افراد کے لیے شیلٹر ہوم کا افتتاح کر دیا گیا

ہم میرٹ پر فیصلہ کرنے والے افسران کے ساتھ ہونگے، رواں ماہ کے آخر تک دو کروڑ آبادی کو ہیلتھ کارڈ فراہم کر دیئے جائیں گے، نوازشریف اور زرداری نے ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا وفاقی وزیر صحت عامر کیانی اور وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کی بے گھر افراد کے لیے شیلٹر ہوم کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

پیر 17 دسمبر 2018 22:35

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2018ء) وفاقی وزیر صحت عامر کیانی نے راولپنڈی میں بے گھر افراد کے لیے شیلٹر ہوم کا افتتاح کر دیا ۔اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد ، صوبائی وزیر راشد حفیظ ،شیخ راشد شفیق ،ڈپٹی کمشنر راولپنڈی سمیت پی ٹی آئی کی مقامی قیادت بھی موجود تھی ۔ اس موقع وفاقی وزیر صحت عامر کیانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیلٹر ہوم تیس ہزارمربع فٹ پر مشتمل ہے اور مستقبل میں ایک چار منزلہ عمارت بھی بنائی جائے گی ، ڈی ایچ کیو ہسپتال میں آنے والے مریضوں کے تیمار دار بھی یہاں پر رک سکیں گے، شہر کے مختلف ہسپتالوں میں بڑے پیمانہ پر دوائیاں موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے بینظیر بھٹو ہسپتال کے ایم ایس کے واقعہ کا نوٹس لیا ہے، میں نے بھی ایم ایس بینظیر بھٹو ہسپتال سے بات کی ہے،ہم نے ان سے کہا ہے کہ جو بھی فیصلہ میرٹ پر ہو،ہم میرٹ پر فیصلہ کرنے والے افسران کے ساتھ ہوں گے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ میڈیا اچھی چیزوں کو ھائی لائٹ بھی کرے ،شیلٹر ھوم کے لیے سرکاری فنڈز موجود ہیں اور ان سے ہی عمارت تعمیر ہوگی، وزیر اعظم نے ہیلتھ انشورنس کارڈ کا پروگرام دیا ہے، ہیلتھ کارڈ کے ذریعے سات لاکھ بیس ہزار روپے تک علاج معالجے کی سہولت میسر ہو گی، رواں ماہ کے آخر تک دو کروڑ آبادی کو ہیلتھ کارڈ فراہم کر دیئے جائیں گے، رنگ روڈ شہر کی سب سے اہم ضرورت ہے اور اس سے شہر کی سڑکوں پر ٹریفک کا دبائو کم ہو گا۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے فوارہ چوک راجہ بازار میں شیلٹر ہوم کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیلٹر ہوم کے قیام میں وزیر صحت عامر کیانی کی بہت محنت ہے، اس کام میں انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے وژن کو آگے بڑھایا،اس ملک کو نوازشریف اور زرداری نے دونوں ہاتھوں سے لوٹا اور بلاول بھی ان سے ملنے جارہا ہے ، سب کو 30مارچ تک معلوم ہوجائے گا، پانی، تندور، میٹرو ہر چیز کے نام پر اس قوم کو لوٹا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری سندھ میں نکلا ہے تو ان کو حالات نظر آگئے ہیں، نالہ لئی ایکسپریس وے کے اردگرد سولر مارکیٹ بنے گی جس سے ایک نیا شہر آباد ہوگا ،جس کا افتتاح وزیر اعظم عمران خان کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ نالہ لئی ایکسپریس وے پر بیس روپے ٹول ٹیکس لگائیں گے۔ شیخ رشید نے کہا کہ میں سیاستدان ہوں اور عام آدمی کا ذکر کرتا ہوں ، ٹیکس بڑھنے کے ذمہ دار سابق حکمران ہیں،تیس مارچ کو معلوم ہوجائے گا کہ کون اناڑی ہے اور کون کھلاڑی ہے ،کوئی کچھ بھی کہہ سکتا ہے لیکن وزیر اعظم عمران خان کو کرپٹ نہیں کہہ سکتے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں