راولپنڈی کے مختلف تھانوں کی حدود میں شادی بیاہ کی تقریبات کے دوران ہوائی فائرنگ و آتش بازی کا سلسلہ نہ رک سکا، مکینوں کو شدید اذیت کا سامنا

شہری ہوائی فائرنگ یا آتش بازی کرنے والے شخص کی اطلاع ریسکیو 15 یا متعلقہ تھانے کو دیں تاکہ اس کے خلاف کارروائی کی جا سکے، پولیس ترجمان

بدھ 19 دسمبر 2018 17:02

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 دسمبر2018ء) راولپنڈی ضلع کے مختلف تھانوں کی حدود میں شادی بیاہ کی تقریبات کے دوران ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کا سلسلہ نہ رک سکا جس سے مکینوں کو شدید اذیت و مشکلات کا سامنا ہے۔بدھ کے روز راولپنڈی کینٹ وشہر کے مکینوں نے ہوائی فائرنگ و آتش بازی کے خلاف اجتجاج کرتے ہوئے کہا کہ پولیس ان عوامل کی روک تھام کے لیے اقدامات کرے۔

اس موقع پر ٹینچ بھاٹہ کے رہائشی راجہ جنید نے بتایا کہ تھانہ ریس کورس کی حدود میں شادی کی تقریبات میں رات دیر تک نہ صرف آتش بازی بلکہ ہوائی فائرنگ بھی کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس کو بار بار اطلاع دینے کے باجود کوئی کاروائی نہیں کی جاتی۔چوہڑ چوک کے رہائشی ملک شاہدکا کہنا تھا کہ تھانہ ریس کورس کی حدود میں ہوائی فائرنگ اور آتش بازی روز کا معمول ہے جبکہ پولیس جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائی کرنے سے قاصر ہے۔

(جاری ہے)

شہریوں نے بتایا کہ تھانہ رتہ امرال،تھانہ گنجمنڈی اور پیرودہائی کی حدود میں فائرنگ و آتش بازی کو روکنے کے لیے ضلعی پولیس کی جانب سے کوئی کاروائی عمل میں نہیں لا جاتی۔مظاہرین نے پولیس حکام سے ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کے خلاف سخت قانونی کاروائی کرنے کی اپیل کی ۔اس حوالے سے سٹی پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کرنے والے افراد کے خلاف سخت اور فوری کاروائی کی جاتی ہے۔

انہوں نے شہریوں سے کہاہے کہ اگر کوئی شخض ہوائی فائرنگ یا آتش بازی کرتا ہوانظر آئے تو اس کی اطلاع فوری طورپر ریسکیو15یا متعلقہ تھانے کو دیں تاکہ اس کے خلاف کاروائی کی جاسکے۔انہوں نے بتایا کہ غیر قانونی اسلحہ اور آتش بازی کا سامان رکھنے والوں کے خلاف کریک ڈاون کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں