راولپنڈی،گھر میں آتشزدگی, شواہد اکٹھے کر کے فرانزک کے لئے بھجوا دیئے ،

رپورٹ آنے پر حقائق سامنے آئیں گے،پولیس سی سی ٹی وی ریکارڈنگ،گھر میں موجود افراد کا موبائل فون ریکارڈ بھی حاصل کرنا شروع ،آر پی او کا دورہ

بدھ 16 جنوری 2019 23:52

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) سٹی پولیس نے سکستھ روڈ پر شادی والے گھر میں آتشزدگی کے باعث ہونے والی جانی نقصانات کی تحقیقات کرنے کے لئے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کر کے فرانزک کے لئے بھجوا دیئے ہیں جس کی رپورٹ آنے کے بعداصل حقائق سامنے آئیں گے۔ ترجمان کے مطابق پولیس کی مختلف ٹیمیں رات گئے جائے وقوعہ کا مختلف پہلواوں سے جائزہ لیتے رہے اور اس دوران جائے وقوعہ کے اردگرد لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ بھی حاصل کر لی گئی ہے۔

(جاری ہے)

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ آگ کیسے لگی تھی جبکہ اس واقعہ میں دلہن سمیت پانچ خواتین جاں بحق ہوگئیں تھی۔پولیس نے گھر میں موجود افراد کا موبائل فون ریکارڈ بھی حاصل کرنا شروع کر دیا ہے۔بدھ کے روز ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او)فیاض دیو نے بھی سکستھ روڈ آتشزدگی والے گھرکا دورہ کیا مگر گھر لاک اپ ہونے کے باعث انہوں نے گھر کے باہر سے آتشزدگی واقعہ کے جائزہ لیا ۔اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ وہ یہاں فاتحہ خوانی کے لئے آئے تھے اور واقعہ کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سٹی پولیس آفیسر خود میڈیا کو بریفنگ دیں گے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں