منشیات کے پھیلاو کو روکنے میں تاجربرادری معاونت کرے،بریگیڈیئر مبشر

جمعہ 18 جنوری 2019 01:00

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2019ء) راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی قائمہ کمیٹی برائے کارگو، کسٹمز کلیئرنس ایجنٹس کا اجلاس قا ئم مقام صدر محمد بدر ہارون اور چیئرمین سید اختر حسین بخاری کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔ اجلاس میں اے این ایف کے فورس کمانڈر بریگیڈیئر سید مبشر حسن کاظمی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فورس کمانڈر بریگیڈیئر سید مبشر حسن کاظمی نے کہا کہ منشیات کی لعنت اور اس کے پھیلاو کو روکنے کے لیے تاجربرادری ساتھ دے۔ چیمبر آف کامرس آگہی مہم میں ہمارا بازو بنے۔ ہر روز سینکڑوں ٹن منشیات پکڑی جاتی ہے۔ ایئرپورٹ پر کسٹمز اور کارگو ایجنٹس کو الرٹ رہنا ہو گا ۔ سٹاف اور وسائل کی کمی کے باعث کئی مسائل کا سامنا ہے ۔

(جاری ہے)

یہ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے کہ اس کی روک تھام کے لیے بھرپور عملی کوششیں کی جائیں ۔ چیمبر آف کامرس کے ساتھ رابطے مزید تیز کیے جائیں ۔ ایکسپورٹرز کی سکروٹنی ، کارگو کلیرینس ایجنٹس کوتربیت دی جائے ۔ قا ئم مقام صدر محمد بدر ہارون نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیمبر آف کامرس کا مختلف کالجز اور یونیورسٹیوں کے ساتھ الحاق اور قریبی رابطہ ہے۔

تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کی روک تھام کے لیے اے این ایف کے ساتھ مل کر تربیتی اور آگاہی سمینارز منعقد کیے جائیں گے۔ یہ ہماری مستقبل کی نسلوں کا سوال ہے۔ ایئر پورٹ پر کارگو کلیئرنس عملے کی تربیت، ایکسپورٹرز کے لیے راہنما اصول وضع کرنے اور قواعد و ضوابط کی پابندی کے لیے چیمبر اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے آگہی مہم ، گائیڈلائنز مرتب کرنے اور رابطہ کمیٹی میںچیمبر کی نمائندگی کا شکریہ ادا کیا ۔ گروپ لیڈر سہیل الطاف نے کہا کہ منشیات کی روک تھام ایک قومی فریضہ ہے اور ہمیں مل کر کوششیں کرنا ہوں گی۔اس موقع پر گروپ لیڈر سہیل الطاف ، نائب صدر فیاض قریشی، سابق صدر نجم ریحان ، کمیٹی کے اراکین اور چیمبر ممبران کی ایک کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں