رائے دہندگان کو 28فروری تک ووٹ کے انتقال کی ہدایت

رائے دہندگان ووٹ کے اندراج کی تفصیلات کے لیے اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300 پر ایس ایم ایس کریں

ہفتہ 19 جنوری 2019 16:00

راولپنڈی۔ 19 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2019ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے رائے دہندگان کو شناختی کارڈ پر درج پتہ کے مطابق ووٹ کے انتقال کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ الیکشنز ایکٹ 2017 کے سیکشن 27 کے مطابق اب انتخابی فہرست میں ووٹ کا اندراج صرف شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ پر کروایا جاسکتا ہے۔ ایسے تمام رائے دہندگان جن کے نام انتخابی فہرستوں میں ان کے شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ کے علاوہ کسی دیگر پتہ کے مطابق درج ہیں انہیں ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ ایکٹ کی روشنی میں 28فروری 2019تک اپنے ووٹ شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ کے مطابق منتقل کروا لیں ۔

واضح رہے کہ قبل ازیں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے انتقال ووٹ کے اندراج کی حتمی تاریخ 31 دسمبر 2018 مقرر کی گئی تھی تاھم ووٹرز کے مطالبے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتقال ووٹ کے اندراج کی تاریخ میں 28فروری تک توسیع کرتے ہوئے ووٹرز کو ہدایت کی کہ ووٹ کے اندراج اور منتقلی کے لیے فارم نمبر 21 الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائیٹ یا رجسٹریشن افسر/ضلعی الیکشن کمشنر کے دفاتر سے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

درخواست گزار اپنے فارم کے ساتھ اپنے شناختی کارڈ کی اصل کاپی لازمی منسلک کریں اور ہر طرح سے مکمل فارم متعلقہ رجسٹریشن افسر/ضلعی الیکشن کمشنر کے دفتر میں جمع کروائیں۔ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر راولپنڈی ملک محمد سلیم اختر نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ سرکاری ملازم اور اہل خانہ (خاوند /بیوی اور بچی) اپنے ووٹ کا اندراج شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ کے علاوہ ایسے پتہ پربھی کرواسکتے ہیں جہاں پر ملازمت کی وجہ سے عارضی رہائش اختیار کی گئی ہو۔

واضح رہے کہ الیکشن رولز 2017 کے مطابق فارم نمبر 21 درخواست گزار بذاتِ خود جمع کروائے گا، بصورت دیگر فارم اختیار نامہ کے ساتھ بذریعہ اپنے والد، والدہ، خاوند /بیوی، بیٹی/دختر بھی جمع کروایا جاسکتا ہے۔ رائے دہندگان اپنے ووٹ کے اندراج کی تفصیلات جاننے کے لیے اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300 پر ایس ایم ایس کریں۔ تمام اضلاع میں قائم مراکز معلومات و شکایات کی فہرست الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائیٹ سے حاصل کی جاسکتی ہے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں