راولپنڈی میں تین برس کے دوران گیس حادثات میں 123افراد جھلس کر زخمی ہوئے

ہفتہ 19 جنوری 2019 16:00

راولپنڈی۔ 19 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2019ء) راولپنڈی میں گذشتہ تین برس کے دوران گیس حادثات میں 123افراد جھلس کر زخمی اور 03جاں بحق ہوئے ۔ریسکیو 1122سے اے پی پی کو موصولہ اعداد و شمار کے مطابق 2016سے 2018کے دوران راولپنڈی میں گیس سے متعلقہ 65حادثات ہوئے جن میں 128افراد متاثر ہوئے ۔ان 128متاثرین میں سے 03کی موت واقع ہو گئی جبکہ 123متاثرین جھلس کر زخمی ہو ئے ۔

ریسکیو ذرائع نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ 128متاثرین میں سے 5مرد اور 53خواتین تھیں ۔ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ یہ گیس حادثات موسم سرما میں انسانی بے احتیاطی اور رات کو گیس آلات جلتے چھوڑ کر سو جانے ،گیس لیکج و دیگر لاپرواہیوں کی بدولت رونماء ہو ئے اور ایک اندازے کے مطابق صرف احتیاط کی بدولت ان حادثات میں سے نصف سے زائد حادثات سے بچائو ممکن تھا ۔

(جاری ہے)

متاثرہ شہریوں نے گیس سے متعلقہ ان حادثات کا ذمہ دار محکمہ سوئی گیس کی غفلت کو بھی قرار دیا ہے جو کہ موسم سرما میں رات کے اوقات میں گیس بندش کی وجہ سے رونماء ہوئے ۔ریسکیو حکام نے سرکاری خبر رساں ادارے کو بتایاکہ سردیوں میں گیس کے متعلقہ آلات کا استعمال زیادہ ہونے کی وجہ سے آگ لگنے کے واقعات بڑھ جاتے ہیں اور گذشتہ برسوں میں بھی زیادہ تر حادثات رات کو گیس لیکج کے باعث پیش آئے ۔

ریسکیو حکام نے عوام سے اپیل کی کہ اس طرح کے حادثات سے بچنے کے لیے رات کوگیس سے متعلقہ آلات کے استعمال میں احتیاط برتی جائے اور رات کو سونے سے پہلے گیس سے متعلقہ آلات(ہیٹر، چولہے وغیرہ) مکمل بند ضرور کیے جائیں ۔ریسکیو ترجمان نے کہاکہ گھرمیں گیس لیکج محسوس ہونے پربجلی کا سوئچ اور آگ ہرگز نہ جلائیں اور گھرمیں گیس لیکج محسوس ہونے پر تمام دروازے اور کھڑکیاں کھول دیں اور تمام افراد گھر سے باہر نکل جائیں اور اگر تمام تر احتیاطی تدابیر کے باوجود اگر خدانخواستہ ایسا کوئی حادثہ ہو تو فوری طور پر 1122 کو اطلاع دیں ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں