کرائسٹ چرچ میں مساجد میں ہونیوالا بھیانک واقعہ انسانیت کی تاریخ کا بدترین فعل ہے ،مشتاق احمد منہاس

عالمی سطح پر ایسے واقعات روکنے کیلئے موثر کارروائی اور قانون سازی کی ضرورت ہے ، وزیر اطلاعات آزاد کشمیر

پیر 18 مارچ 2019 18:16

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2019ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات و سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ کرائسٹ چرچ میں دو مساجد میں ہونے والے بھیانک واقعہ انسانیت کی تاریخ میں ایک بدترین فعل ہے جسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار یوم سوگ کے حوالے سے اپنے بیان میں کیا۔راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا کہ جنونی اور انتہاپسند عناصر کی وجہ سے انسانیت ہمیشہ خطرے میں ہی رہتی ہے ان کا کوئی مذہب یا علاقہ نہیں ہوتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا یہ مسلمانوں کے خلاف دہشت گردی کا بدترین واقعہ تھا جس میں انچاس سے زیادہ بیگناہ افراد لقمہ اجل بنے جبکہ اسی تعداد میں زخمی بھی ہوئے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر ایسے واقعات روکنے کے لیے موثر کارروائی اور قانون سازی کی ضرورت ہے تاکہ ایسے عناصر کسی نقاب میں بھی ہمدردی حاصل نہ کر سکیں۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی شہداء کے درجات سربلند فرمائے اور زخمیوں کو صحت یابی عطا فرمائے۔یاد رہے کہ وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے آج آزادکشمیر بھر میں یوم سوگ کا اعلان کر رکھا تھا جبکہ قومی پرچم بھی سرنگوں رہا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں