وزیر اعظم کانیا پاکستان ہائوسنگ پراجیکٹ غربت کے خاتمے کا ہمہ جہت پروگرام ہے‘راجہ جہانگیر اکبر

نیا پاکستان ہائوسنگ پراجیکٹ میں نئی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کی تجاویز بھی موجود ہیں جو انتہائی قابل تحسین ہے

بدھ 20 مارچ 2019 13:19

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2019ء) وزیر اعظم کانیا پاکستان ہائوسنگ پراجیکٹ غربت کے خاتمے کا ہمہ جہت پروگرام ہے جس سے غریب اور بے گھر لوگوں کو چھت کی فراہمی کے ساتھ ساتھ بے شمار بے روزگار لوگوں کو روزگار ملے گا اور تعمیرات کے شعبے سے وابستہ صنعتوں کی ترقی ہوگی ․ ملٹی سٹوری رہائشی بلڈنگز اور ان میں تجویز کردہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پیسو ں ، وقت اور توانائی کی بچت ہوگی جو کہ انتہائی خوش آئند امر ہے ․ ان خیالات کا اظہار معروف سماجی راہنماء غوری ٹائون کے ایم ڈی راجہ جہانگیر اکبر نے نئی کنسٹرکشن صوبر ٹیکنالوجی کے بارے میں منعقدہ ایک تعارفی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی ․ اس موقع پر مختلف کنسٹرکشن کمپنیوں کے سربراہان بھی موجود تھے ․ انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان ہائوسنگ پراجیکٹ میں نئی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کی تجاویز بھی موجود ہیں جو انتہائی قابل تحسین ہے ․ ہم حکومت کے اس قدم کی بھر پور حمایت کرتے ہیں اور نجی شعبے کی جانب سے اپنے پورے تعاون کا یقین دلاتے ہیں ․ راجہ جہانگیر اکبر نے کہا کہ جڑواں شہروں میں موجود بے شمار ہائوسنگ پراجیکٹس میں سب سے گنجان آباد اور ڈیلیور کرنے والا ہمارا پراجیکٹ ہے جس میں بسنے والے خاندانوں کی تعداد لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے ․ ان لوگوں کو جدید شہری سہولیات کی فراہمی جہاں ہماری ذمہ داری ہے وہیں حکومت کو بھی چائییے کہ وہ بجلی ، گیس اور دیگر سہولیات کی فراہمی میں ان لاکھوں لوگوں کی مدد کرے ․ انہوں نے نئی ٹیکنالوجی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم اس ٹیکنالوجی کو متعارف کرانے میں متعلقہ اداروں کی معاونت کریں گے -

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں