راولپنڈی فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد عوام کو اچھی تفریح مہیا کرنا ہے‘راجہ راشد حفیظ

کلین اینڈ گرین پاکستان کا پانچ سالہ منصوبہ اس سلسلے میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے ‘وزیر خواندگی وغیر رسمی بنیادی تعلیم پنجاب

پیر 22 اپریل 2019 13:41

راولپنڈی فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد عوام کو اچھی تفریح مہیا کرنا ہے‘راجہ راشد حفیظ
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2019ء) پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب صوبے کے تمام بڑے شہروں سمیت دیہی علاقوں میں کلین اینڈ گرین پاکستان کے پانچ سالہ پروگرام کے تحت مثالی صفائی کو فروغ دے کر عوام کو سیر و تفریح کی بہترین اور صاف ستھری سہولیات بہم پہنچانے پر کام کر رہی ہے ․ عوام الناس کے اندر صفائی کی ضرورت و اہمیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ پارکوں کی حالت بہتر بنانے ، پبلک ٹوائیلٹس کی تعمیر ، کوڑا کرکٹ کے لئے ڈمپنگ پوائنٹس اور اس پروگرام کی کامیابی کیلئے رضا کار فورس کی تیاری ہماری حکومت کا ٹارگٹ ہے تاکہ پارکوں اور تفریحی مقامات کو آباد کرکے ہسپتالوں کا رش کم کیا جا سکے ․ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پبلک پارک مری روڈ راولپنڈی میں گذشتہ شب ’’راولپنڈی فیسٹیول ‘‘ کا افتتاح کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ․ اس موقع پر چئیرمین آر ڈی اے عارف عباسی ، چئیرمین پی ایچ اے راولپنڈی آصف محمود ، ایم پی اے واثق قیوم ، تحریک انصاف کے مقامی راہنمائوں ، کارکنوں اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی ․ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ راولپنڈی فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد عوام کو اچھی تفریح مہیا کرنا ہے اور ہمیں یہ دیکھ کو خوشی ہو رہی ہے کہ شہریوں کی بڑی تعداد صحت مند سرگرمیوں میں شامل ہے ․ انہوں نے کہا کہ جن اقوام کے پارک اور ثقافتی مراکز آباد ہوتے ہیں وہاں صحت عامہ بہتر ہوتی ہے ․ ہماری حکومت صفائی کی ضرورت و اہمیت کو نہ صرف اجاگر کر رہی ہے بلکہ شہروں میں بہنے والے ندی نالوں سمیت سڑکوں اور گلیوں کی صفائی پر خصوصی توجہ دی جائیگی ․ کلین اینڈ گرین پاکستان کا پانچ سالہ منصوبہ اس سلسلے میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے ․ انہوں نے کہا کہ حکومت پبلک پارکس ، بڑی شاہراہوں ، سڑکوں اور گلیوں میں کوڑے دان نصب کرنے کے علاوہ شہروں کے کوڑے کرکٹ کو ایک جگہ جمع کرنے کے ڈمپنگ پوائنٹس بنائے گی اور ویسٹ مینجمنٹ کے تحت اسے نہ صرف محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگایا جائیگا بلکہ جہاں ممکن ہوا اس کوڑے سے توانائی کی پیداوار کو بھی ممکن بنایا جائیگا ․ انہوں نے شہریوں سے کہا کہ اس طرح کے عوامی بہبود کے منصوبے عوام کی عملی شرکت کے بغیر مکمل کامیابی حاصل نہیں کر سکتے لہذا تمام شہریوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ صفائی اور صاف ستھرے ماحول کی ضرورت و اہمیت کو عام لوگوں بالخصوص بچوں میں اجاگر کرکے انہیں کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام میں شامل کریں ․ اس موقع پر عارف عباسی ، آصف محمود اور واثق قیوم نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ حکومت لوگوں کو صحت بنانے کیلئے اپنا کردار بھر پور طریقے سے ادا کر رہی ہے ․ عوام الناس کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی صحت کے حامل حکومتی منصوبوں کی کامیابی کیلئے اپنے حصے کا کردار ادا کریں -

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں