بلاول والد کو بچانے کیلئے ٹکریں مار رہے ہیں ، انہیں پہلے بھی مشورہ دیا تھا اپنی والدہ کے قریبی جیالوں سے تاریخ کا سبق پڑھیں ،عظمی گل

بینظیر بھٹوحمیدگل سے اہم معاملات میں مشورہ لیتی تھیں ،بلاول زرداری تصادم، جھوٹے الزامات کی بجائے حقائق پر نظر رکھیں اور اپنی پارٹی ملک دشمن ایجنڈے سے پاک کریں، صاحبزادی حمید گل کا بیان

جمعرات 25 اپریل 2019 23:28

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2019ء) آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنر ل(ر) حمید گل کی صاحبزادی عظمی گل نے کہا ہے کہ بلاول والد کو بچانے کے لئے ٹکریں مار رہے ہیں ، انہیں پہلے بھی مشورہ دیا تھا کہ اپنی والدہ کے قریبی جیالوں سے تاریخ کا سبق پڑھیں ، بینظیر بھٹوحمیدگل سے اہم معاملات میں مشورہ بھی لیتی تھیں ،حمیدگل نے نظریاتی جدوجہد کے لئے حکیم محمد سعید محمد صلاح الدین ایس ایم ظفر ۔

پروفیسر منور مرزا مجید نظامی خالد اسحاق ایڈوکیٹ زیڈاے سلہری سمیت دیگر کے ساتھ ملکر گروپ تشکیل دیا تھا ۔ عمران خان اور عبدالستار ایدھی نے بھی اس پروگرام کی حمایت کی ۔اس امر کا اظہار انہوں نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کے حمید گل سے متعلق انٹرویو پر اپنے وضاحتی بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

محترمہ عظمی گل نے کہا ہے کہ بلاول اپنے والد آصف زرداری کو احتساب سے بچانے کیلئے بھاگ دوڑ کر رہے ہیں ان کاحالیہ بیان کس ادارے پر دباو ڈالنے کی کوشش ہے اس کوماضی کے تناظر میں سمجھنا مشکل نہیں ۔

عظمی گل نے کہاکہ بلاول زرداری کو پہلے میں یہ بات یاد کراناضروری سمجھتی ہوں کہ بینظیر بھٹو کے خط میں بھی جنرل حمید گل کانام شامل کرایا گیا تھا جس کی معذرت کیلئے جنرل حمید گل کے پاس بینظیر شہید نے مخدوم امین فہیم کو بھیجا تھا اور بہت سی مجبوریاں بیان کی تھیں جن کاتعلق پاکستان مخالف عالمی لابی سے تھا ۔ عظمی گل نے کہا کہ جنرل حمید نے حکیم محمد سعید ،محمد صلاح الدین ،ایس ایم ظفر، پروفیسر منور مرزا مجید نظامی خالد اسحاق ایڈوکیٹ زیڈاے سلہری جیسے دانشوروں سے مشاورت اور تعاون سے گروپ تشکیل دیا تھا جس کا مقصد نظریاتی جدوجہد تھی عمران خان اور عبدالستار ایدھی نے بھی اس پروگرام کی حمایت کی لیکن مرحوم عبدالستار ایدھی کے ایک قریبی ساتھی نے جن کاتعلق پیپلز پارٹی سے تھا ایدھی صاحب کی سادہ طبیعت سے فائدہ اٹھاکر غلط فہمیاں پیداکیں کیونکہ حکیم سعید شہید اور مدید تکبیر محمد صلاح الدین سے پاکستان مخالف عناصر خوف زدہ تھے ۔

عظمی گل نے کہاکہ عبدالستار ایدھی جب پاکستان سے چلے گے تو مغربی ذرایع ابلاغ نے جس طرح پروپیگنڈہ کیا اس سے ایدھی صاحب اصل سازش کو سمجھ گے پاکستان آنے کے بعد انہوں نے جنرل حمید گل کے کوارڈینیٹر طارق شاداب سے تفصیلی ملاقات کی اور بہت سی ان سازشوں کا ذکر کیا جن کااحساس انہیں جلاوطنی میں ہوا تھا عبدالستارایدھی نے طارق شاداب کو بتایاتھا کہ ان پر مسلسل دباو ہے وہ فوج اور دفاعی بجٹ پر تنقید کریں ۔

عظمی گل نے کہاکہ بلاول زردار ی ذمہ داری کے ساتھ غورکریں کہ جنرل حمید گل کے ایجنڈے سے متعلق مدید تکبیر محمد صلاح الدین کو شہید کس نے کیا اور بینظیر بھٹو کی رائے کیاتھی بلاول زرداری کو ریکارڈ درست رکھنے کے لیے دیکھنا چا ہیے کہ بینظیر بھٹو صلاح الدین شہید کے گھر کیوں آئی تھیں اور کیاکہاتھا ۔ عظمی گل نے کہاکہ اس کے بعد جنرل حمید گل کے دوسرے ساتھی حکیم سعید کو شہید کیاگیا جس سے بیان کی گئی سازشوں کو سمجھاجاسکتاہے ۔

عظمی گل نے کہا بلاول زرداری کو یہ بات بتانا بھی ضروری ہے کہ ان کی والدہ اہم قومی امور میں جنرل حمید گل سے مشاورت کیاکرتی تھیںہماری لایبریری میں وہ کتابیں موجود ہیں جو محترمہ بے نظیر بھٹو جنرل حمیدگل کو بطور گفٹ بھیجتی رہیں۔ عظمی گل نے کہاکہ بلاول زرداری تصادم، جھوٹے الزامات کے بجائے حقائق پر نظر رکھیں اور اپنی پارٹی ملک دشمن ایجنڈے سے پاک کریں۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں