راولپنڈی پولیس سٹریٹ کرائم کی روک تھام میں ناکام ہو گئی

شہریوں کو ریلیف دینے کی بجائے ڈبل سواری کے نام پر پکڑ دھکڑ سے عوام کو تنگ کیاجانے لگا

جمعہ 24 مئی 2019 15:54

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2019ء) راولپنڈی پولیس سٹریٹ کرائم کی روک تھام میں ناکام ہو گئی ،شہریوں کو ریلیف دینے کی بجائے ڈبل سواری کے نام پر پکڑ دھکڑ سے عوام کو تنگ کیاجانے لگا ،جرائم پیشہ عناصر ڈنکے کی چوٹ پر وارداتوں میں مصروف ،تھانہ صدر بیرونی کی حدود میں ایک ہفتہ میں درجن سے زائد وارداتوں میں شہریوں کا لاکھوں روپے کا نقصان ۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں گذشتہ کچھ عرصہ سے سٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوچکا ہے جبکہ پولیس ان جرائم پر قابو پانے میں ناکام ہو چکی ہے ۔ایسے میں راولپنڈی پولیس نے روایتی حربہ اختیار کرتے ہوئے 21مئی سے دو ہفتوں تک کے لیے ڈبل سواری پر پابندی کا اعلان کر دیا ہے جس سے جرائم کی شرح میں تو کمی نہ آسکی البتہ شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے ۔

(جاری ہے)

اطلاعات کے مطابق شہر کے دیگر تھانوں کی طرح تھانہ صدر بیرونی کے مختلف علاقوں اشرف کالونی ،بنک کالونی ،لیاقت کالونی ،حیال میں گذشتہ چند یوم کے دوران دکانوں کے تالے توڑنے اور زیر تعمیر مکانات سے قیمتی سامان چرانے کے درجن بھر سے زائد واقعات رونماء ہو چکے ہیں تاھم پولیس نے چوری کی وارداتوں میں ملوث افغان گینگ کی گرفتاری کے باوجود بعدازاں مبینہ طور پر رشوت کے عوض چھوڑ دیا ۔

شہریوں نے ذرائع ابلاغ کو بتایاکہ انہوں نے دھمیال روڈ پر سینٹری شاپ اور درجنوں گھروں کے تالے توڑ کر قیمتی اشیاء کی چوری میں ملوث افغان گینگ کے اراکین کورنگے ہاتھوں پکڑ کر پولیس چوکی رنیال کے حوالے کیا تاھم پولیس نے انہیں چھوڑ دیا ۔دریں اثناء ذمہ دار ذرائع نے دعویٰ کیا کہ ڈکیٹ گینگ کو اہالیان علاقہ نے دوسری مرتبہ رنگے ہاتھوں پکڑ کر پولیس تھانہ صدر بیرونی کے حوالے کیا گیا تاکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کی جاسکے تاھم تھانہ صدر بیرونی کے ایس ایچ او نے جمعہ کو بات چیت کرتے ہوئے شہریوں کی جانب سے ملزمان کی حوالگی کے کسی بھی کیس سے سراسر انکار کر دیا اور کہاکہ پولیس کے حوالے کوئی بھی جرائم پیشہ نہیں کیے گئے ۔

اس صورتحال پر شہریوں نے سخت تشویش کا اظہار کیا اور خدشہ ظاہر کیاکہ پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کی بجائے انہیں مزید وارداتوں کے لیے ایک مرتبہ پھر چھوڑ دیا ہے ۔شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب آئی جی پنجاب اور دیگر حکام سے مطالبہ کیا کہ ڈبل سواری پر پابندی کا فوری خاتمہ کیا جائے اور جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے نہ عوام کو تنگ کیاجائے ۔شہریوں نے کہاکہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں ڈبل سواری پر پابندی سے صرف اور صرف شہریوں کو ہی مشکلات لاحق ہو ں گی اور پولیس کی جیبیں گرم ہوں گی ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں