حکومت عوام کو صحت عامہ کی معیاری سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 25 مئی 2019 22:51

راولپنڈی 25مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2019ء) ڈپٹی کمشنر راولپنڈی چوہدری محمدعلی رندھاوا نے کہا ہے کہ حکومت عوام الناس کو صحت عامہ کی معیاری سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے اس مقصد کے لئے محکمہ صحت کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ہسپتالوں میں مطلوبہ عملے کی موجودگی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی یقینی بنائے اور اس بات کی بھی یقین دہائی کرے کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ادویات کا وافر سٹاک موجودہے - انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ صحت کی کارکردگی کو بہتر سے بہترین بنانے کے لئے چیف ایگزیکٹو آفیسر، ایم ایس اور ڈپٹی ڈی ایچ اوز کو ہسپتالوں کے وزٹس مارک کئے گئے ہیں اور اینڈرائیڈ ایپلیکیشن کے ذریعے باقاعدہ مانیٹر بھی کیا جا رہا ہے نیز ڈیش بورڈ کے ذریعے بھی یہ مانیٹرنگ جاری ہے تاکہ شفافیت کے عمل کو یقینی بنایا جاسکے - ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی جائزہ کمیٹی برائے صحت کے ماہانہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا- اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر ارشد، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر نوید اکرم، ڈی ایچ او ڈاکٹر طاہر رضوی، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر ذیشان کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی -اجلاس میں محکمہ صحت کی طرف سے دی گئی بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اس وقت انسدادی پروگرامز جن میں ای پی آئی پروگرام ، ٹی بی کنٹرول پروگرام، آئی ڈی ڈی کنٹرول پروگرام ، ایچ آئی وی کنٹرول ، ڈینگی سرویلنس، فوڈ اینڈ نیوٹریشن، ملیریا کنٹرول کے علاوہ سکول ہیلتھ سروسز کے پروگرامز بھی شامل ہیں- مریضوں کی سہولت کے لئے مرکز صحت پر ٹول فری نمبر 0800-99000نمایاں طور پر آویزاں کیا گیا ہے نیز 30 منٹ کے اندر موصول ہونے والی شکایات کا حل یقینی بنایا جاتا ہے - اسی طرح سٹیزن پورٹل پر موصول ہونے والی شکایات کو سات دن کے اندر اندر حل کیا جاتا ہے -محکمہ صحت کی جانب سے کچھ بنیادی مراکز صحت پر بجلی و پانی کی عدم دستیابی کی شکایات پر ڈپٹی کمشنر نے جلد از جلدحل کی یقینی دہانی کرائی ۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں