شہر کی صفائی ہماری اولین ترجیح ہے،میاں بہزاد عادل

،بازاروں کی مکینیکل سوئیپنگ ،نالے نالیوں کی صفائی مون سون سیزن سے قبل مکمل کر لی جائیگی،چیف ایگزیکٹو راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی

منگل 18 جون 2019 22:43

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جون2019ء) راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو افسرمیاں بہزاد عادل نے کہا ہے کہ شہر کی صفائی ہماری اولین ترجیح ہے،جو شہریوں اور بالخصوص تاجر وں کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں،راولپنڈی شہر کے تمام تاجروں کی منتخب قیادت کیساتھ ملکر صفائی کے معاملات بہتر بنائینگے،بازاروں کی مکینیکل سوئیپنگ ،نالے نالیوں کی صفائی مون سون سیزن سے قبل مکمل کر لی جائیگی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزآل پاکستان انجمن تاجران پنجاب و مرکزی انجمن تاجران راولپنڈی کے صدر ملک شاہد غفور پراچہ ،سمال چیمبر آف کامرس کے سی ای او ندیم شیخ اور انجمن تاجران راجہ بازار کے جنرل سیکرٹری ابرار شیخ پر مشتمل وفد سے ملاقات میںکیا،میاں بہزاد عادل نے کہا کہ شہر میں صفائی کیلئے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی بھرپور اقدامات کر رہی ہے،اس سلسلے میں تاجر برادری کا تعاون بہت ضروری ہے،آپ سے درخواست ہے کہ دکانداروں کو کہیں کہ اپنا کوڑا کر کٹ ویسٹ بیگز میں ڈال کر دکانوں کے باہر رکھ دیں یا قریبی کوڑا دانوں میں ڈال دیں،تاکہ شہر صاف ستھرا رہے،اس موقع پر ملک شاہد غفور پراچہ نے کہا کہ مون سون سیزن کی آمد قریب ہے،اس سے قبل بازاروں سے گزرنے والے نالوں کی صفائی کر لی جائے،تاکہ بارشوں کے دوران پانی سڑکوں پر نہ کھڑا ہو اور دکانوں میں بھی داخل نہ ہو سکے،ندیم شیخ نے کہا کہ سڑکوں کی مکینیکل سوئیپنگ باقاعدگی سے ہونی چاہیئے،ابرار شیخ نے کہا کہ بعض بازاروں میں کوڑادانوں کی کمی ہے،جس پر سی ای او میاں بہزاد عادل نے کہا کہ نالوں کی صفائی موسم برسات سے قبل ہو جائیگی،ہمارے ورکرز ہنگامی بنیادوں پر کام جاری رکھے ہوئے ہیں،مکینیکل سوئیپنگ کا عمل بھی ساتھ ساتھ جاری ہے،بازاروں میں بھی رات کو دکانیں بند ہونے کے بعد اور صبح دکانیں کھلنے سے پہلے روزانہ کی بنیادپر مکینیکل سوئیپنگ کی جا رہی ہے جسے مزید بہتر کیا جائیگا،تاجر برادری بازاروں میں مقامات کی نشاندہی کریں ہم وہاں کوڑا دان رکھوادینگے،ہماری گاڑیاں روزانہ بازاروں میں رکھے کوڑادان خالی کرتی ہیں،تاجروں کے وفد نے شہر میں صفائی کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ ہم دکانداروں کو پابند کرینگے کہ وہ اپنا کوڑا کرکٹ ویسٹ بیگز میں ڈال کر یا تودکانوں کے باہر رکھ دیں تاکہ آپکے ورکرز اسے ٹھکانے لگا سکیں یا پھر دکاندار اپنے قریبی کوڑا دانوں میں اسے ڈالیں۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں