حکومت ٹیکس دہندگان اور تاجروں کو سہولیات دے گی ،ڈاکٹر بشیر اللہ

تاجر برادری غیر ظاہر شدہ اثاثہ جات اور بے نامی اکاونٹس ظاہر کرنے کے آخری موقع سے فائدہ اٹھائے

بدھ 19 جون 2019 23:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2019ء) چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو ڈاکٹر بشیر اللہ نے کہا ہے کہ تاجر برادری غیر ظاہر شدہ اثاثہ جات اور بے نامی اکاونٹس ظاہر کرنے کے آخری موقع سے فائدہ اٹھائے ،سکیم سے استفادہ کی آخری تاریخ 30 جون ہے، سکیم سے استفادہ کرنے والوں کے نام صیغہ راز میں رکھے جائیں گے اور انہیں قانونی تحفظ ملے گا، تاجربرادری اس سہولت سے فائدہ اٹھائے اور معشیت کو دستاویزی شکل دینے میں اپنا کردار ادا کرے، حکومت ٹیکس دہندگان اور خاص طور پر تاجر طبقے کے لیے سہولیات لا رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں اثاثہ جات ظاہر کرنے کی سکیم بارے منعقدہ آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو ڈاکٹر بشیر اللہ نے مزید کہا کہ ایف بی آر ٹیکس دہندگان اور ٹیکس کولیکٹر کے درمیان پارٹنرشپ پر یقین رکھتی ہے، آڈٹ اور دکانوں پر چھاپوں کا سلسلہ بھی کم ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ملک شاہد سلیم نے کہا کہ معشیت کو دستاویزی شکل دیئے بغیر ملکی ترقی ممکن نہیں ہے۔ حکومت کی جانب سے اعلان کردہ اثاثہ جات ظاہر کرنے کی سکیم کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ایف بی آر پہلے سے موجود ٹیکس دہندگان کو آسانیاں دے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے اسکیم سے ٹیکس دہندگان کی تعداد میں اضافہ ہو گا ۔

صدر چیمبر نے کہا کہ غیر رسمی معشیت کی اپنی ایک حقیقت ہے۔ جی ڈی پی میں اس کا حصہ 26 فی صد کے قریب ہے۔معشیت کو دستاویزی شکل دئے بغیر عالمی معاشی چیلینجوں کا سامنا کرنا مشکل ہو گا۔ یہ مقابلے کا دور ہے جس میں کامیابی کی کنجی شفافیت میں ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسے افراد جو باضابطہ اکانومی میں شامل ہونے کے خواہشمند ہوں انہیں یہ مراعات یا پیشکش بھی کی جائے کہ اگر وہ اپنا سرمایا کسی صنعت میں لگائیں گے تو زیادہ فوائد ملیں گے۔

گروپ لیڈر سہیل الطاف نے کہا کہ اکانونی کو وسیع کرنا ہو گا، نئے ٹیکس گزار تلاش کرنا ہوں گے۔ ایف بی آر اور ٹیکس پیئر ز کے درمیان کسٹمر سروس کی طرز پر رشتہ استوار کرنا ہو گا۔ سکیم کی آگاہی کے حوالے سے چیمبر اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔ اس موقع پر سابق صدور، نائب صدر فیاض قریشی، انجمن تاجران کے نمائندے، ٹیکس امور کمیٹی کے چیئرمین اور نائب چیئرمین سمیت تاجروں کی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں