شہر و کینٹ میں آوارہ کتوں کی بہتات، شہریوں کو مشکلات کا سامنا

پیر 24 جون 2019 18:53

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2019ء) راولپنڈی و چکلالہ کینٹ ،میونسپل کارپوریشن اور ضلع کونسل کے علاقوں میں آوارہ کتوں کی بہتات ہوگئی ۔چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کے علاقوں ٹاہلی موہری، غوثیہ چوک گلشن شافی اور گرد و نواح کے علاقوں جبکہ راولپنڈی کینٹ کے علاقوں کمال آباد ،فیصل کالونی ،ڈھوک سیداں ،عابد مجید روڈ ،اسلم مارکیٹ ،خیابان میراں بخش سمیت دیگر علاقوں میںآوارہ کتوں کی بھرمار نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ۔

شہریوں نے بتایاکہ راولپنڈی کینٹ کے علاقوں میں ٹولیوں کی شکل میں گھومنے والے آوارہ کتے شہریوں کے لیے خطرہ بن گئے ۔ آوارہ کتوں کی وجہ سے شہریوں کو اپنے محلوں میں آمد و رفت خاص طور رات کے وقت شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

(جاری ہے)

چکلالہ و راولپنڈی کینٹ کے مکینوں محمد نعیم ،راجہ فدا ،محمد علی ،راجہ احسان ،محمد ظہورو دیگر نے سٹیشن کمانڈر اور راولپنڈی و چکلالہ کینٹ کے حکام سے مطالبہ کیا کہ ان علاقوں سے آوارہ کتوں کی تلفی کے فوری اقدامات کیے جائیں ۔

دوسری جانب ضلع کونسل راولپنڈی کے علاقوں یوسی لکھن ،لیاقت کالونی ،دھمیال اور ملحقہ علاقوں میں بھی آوارہ کتوں کی بھرمار سے مکین پریشانی کا شکار ہیں ،ان علاقوں میں سرشام گلیوں میں آوارہ کتوں کی ٹولیاں منڈلانے لگیں ،یو سی لکھن و دھمیال کے علاقوں لیاقت کالونی ،لالہ رخ کالونی ،بہار کالونی ،موہڑہ چھپر و ملحقہ آبادیوں کے مکینوں ندیم قیصر ،محمد علی ، عبدالستار ، حبیب راہی و دیگر نے اے پی پی کو بتایاکہ ان علاقوں میں آوارہ کتوں کی بہتات ہو چکی ہے جو دن کے علاوہ شام کے اوقات میں گلی محلوں میں آزادانہ گھومتے ہیں ۔

شہریوں نے کہاکہ ان آوارہ کتوں کی وجہ سے شہری ڈر و خوف میں مبتلا ہیں جبکہ کئی خواتین اور بچے ان آوارہ کتوں کے کاٹنے کی وجہ سے زخمی ہو چکے ہیں ۔شہریوں نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ منتخب بلدیاتی نمائندگان کو اس بارے میں متعدد مرتبہ آگاہ کیا گیا تاھم نہ تو عوامی نمائندوں نے اس بارے میں کوئی ایکشن لیا اور نہ ہی کسی دیگر متعلقہ ادارے نے کتوں کی تلفی کے اقدامات کیے ۔شہریوں نے مطالبہ کیا کہ آوارہ کتوں کی تلفی کے فوری اقدامات کیے جائیں۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں