یوم انسداد منشیات کے سلسلے میں راولپنڈی آرٹس کونسل اور اینٹی نارکوٹکس فورس کے زیراہتمام سٹیج ڈرامہ ’اندھیر نگری‘ پیش کیا گیا

بدھ 26 جون 2019 18:44

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2019ء) یوم انسداد منشیات کے سلسلے میں راولپنڈی آرٹس کونسل اور اینٹی نارکوٹکس فورس کے زیراہتمام سٹیج ڈرامہ ’اندھیر نگری‘ پیش کیا گیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان غلام قادر تھیبو اور پاکستان گرین ٹاسک فورس کے چیئرمین ڈاکٹر جمال ناصر مہمانان خصوصی تھے۔ معروف اداکار مسعود خواجہ، لبنیٰ شہزادی، رضوانہ خان، نعیم ٹوٹا، عمران رشدی، امین شہزادہ، ارشدخان اور عالیہ شیخ نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

کھیل کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان غلام قادرتھیبوکا کہنا تھا کہ منشیات معاشرے کا ناسور ہے جس سے اپنی نوجوان نسل کو ہرحال میں بچانا ہے۔ انھوں نے کہا کہ منشیات کے خاتمے کے لیے انٹی نارکوٹکس فورس پاکستان دن رات ایک کیے ہوئے ہے۔

(جاری ہے)

غلام قادر تھیبوکا کہنا تھا کہ آج کے اس کھیل میں خوبصورت طریقے سے پیغام دیا گیا ہے جو دیرپا ہوگا۔

پاکستان گرین ٹاسک فورس کے چیئرمین ڈاکٹرجمال ناصرکا کہنا تھا کہ منشیات کے خلاف جنگ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے اور ہر پاکستانی کو اس کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ والدین اپنے بچوں پرکڑی نظر رکھیں تاکہ سماج دشمن عناصرسے بچا جا سکے۔ ڈائریکٹراے این ایف ریاض احمد سومرو نے کہا کہ منشیات سے آگاہی کے لیے اینٹی نارکوٹکس فورس سے مختلف پروگرام ترتیب دیے ہیں۔ ڈائریکٹرآرٹس کونسل وقاراحمدکا کہنا تھا کہ یوم انسداد منشیات کے موقع پر آگاہی دینا نوجوان نسل کو منشیات سے بچانا ہے تاکہ صحت مند معاشرے کی تشکیل ہو سکے اور اس سلسلے میں ہم اے این ایف کے ساتھ ہیں۔کھیل دیکھنے کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں